مرکزی حکومت ذات پر مبنی مردم شماری کیلئے تیار،کانگریس نے خیر مقدم کیا

نئی دہلی ،30 اپریل :۔
ذات پر مبنی مردم شماری سےمتعلق کانگریس کا مطالبہ ایک لمبے عرصے سے جاری تھا۔آج اچانک مرکزی حکومت نےذات پر مبنی مردم شماری کو ہری جھنڈی دے دی ہے۔ رپورٹ کے مطابق مودی حکومت نے آئندہ ہونے والی مردم شماری کے ساتھ ذات پر مبنی مردم شماری کرانے کا اعلان کر دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں بدھ کے روز مرکزی کابینہ کی میٹنگ ہوئی، جس میں کچھ اہم وزراء شریک ہوئے۔ اس میٹنگ میں کچھ اہم فیصلے لیے گئے، جن میں سب سے بڑا فیصلہ ذات پر مبنی مردم شماری کرانے کا ہی رہا۔ میٹنگ کے بعد مرکزی وزیر اشونی ویشنو نے پریس بریفنگ میں بتایا کہ آئندہ مردم شماری میں ذاتوں کی شماری کو بھی شامل کیا جائے گا۔
قابل ذکر ہے کہ سیاسی امور کی کابینہ کمیٹی، یعنی سی سی پی اے کو ’سپر کیبینٹ‘ کے نام سے جانا جاتا ہے۔ اس کمیٹی میں مرکزی کابینہ کے سرکردہ وزراء شامل ہوتے ہیں۔ اس کمیٹی کی میٹنگ آج ہوئی جس کی صدارت پی ایم مودی نے کی۔ اس کمیٹی میں پی ایم مودی کے علاوہ مرکزی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ، مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ، مرکزی وزیر برائے سڑک ٹرانسپورٹ نتن گڈکری، مرکزی وزیر مالیات نرملا سیتارمن اور مرکزی وزیر برائے کامرس پیوش گویل بھی شامل ہیں۔
مرکزی وزیر اشونی ویشنو نے کہا کہ سیاسی امور کی کابینہ کمیٹی نے آج فیصلہ کیا ہے کہ آنے والی مردم شماری میں ذات پات کو شامل کیا جانا چاہئے۔ اب اس ایک فیصلے کی بڑی اہمیت ہے، سب اسے گیم چینجر سمجھتے ہیں۔
اشونی ویشنو نے وضاحت کی کہ یہ فیصلہ سماجی تانے بانے کو ذہن میں رکھتے ہوئے اور آئین میں واضح دفعات کے پیش نظر کیا گیا ہے۔ مرکزی وزیر ویشنو نے کہا کہ 1947 سے ذات پات کی مردم شماری نہیں ہوئی ہے۔منموہن سنگھ نے ذات پات کی مردم شماری کی بات کی تھی۔ کانگریس نے ذات پات کی مردم شماری کے معاملے کو صرف اپنے فائدے کے لیے استعمال کیا ہے۔
مرکزی حکومت کے فیصلے کا کانگریس نے خیر مقدم کیا ہے۔کانگریس نے اپنے آفیشیل ’ایکس‘ ہینڈل پر کی گئی ایک پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’سماجی انصاف کی جنگ میں ذات پر مبنی مردم شماری ایک اہم حصہ ہے۔ کانگریس پارٹی، ہمارے صدر ملکارجن کھڑگے اور حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی سماجی انصاف کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔‘‘ پوسٹ میں مزید لکھا گیا ہے کہ ’’ہم نے ہمیشہ کہا ہے کہ مودی حکومت کو ذات پر مبنی مردم شماری کرانی ہوگی۔ یہ لوگوں کے حقوق کو یقینی بنائے گا۔ کانگریس کے لگاتار دباؤ کے بعد ہی آج حکومت نے ذات پر مبنی مردم شماری کرانے کا فیصلہ لیا ہے، حالانکہ اس میں بہت تاخیر ہوئی ہے۔‘‘
کانگریس نے مرکزی حکومت سے ذات پر مبنی مردم شماری میں اب مزید تاخیر نہ کرنے کی گزارش کی ہے۔ کانگریس کا کہنا ہے کہ ’’حکومت جلد از جلد ذات پر مبنی مردم شماری کرائے، تاکہ اس ڈاٹا کی بنیاد پر گاندھی جی کے نظریات کے مطابق ’سماج کے آخری صف میں کھڑے شخص تک‘ فائدہ پہنچایا جا سکے۔‘‘