مرکزی بجٹ 2025-26:اقلیتوں کی فلاح و بہبود کیلئے 3,350 کروڑ روپے مختص
نئی دہلی ،02 فروری :۔
مالی سال 2025-26 کے مرکزی بجٹ میں اقلیتی امور کی وزارت کے لیے 3,350 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں، جو گزشتہ سال کے بجٹ تخمینہ سے 166 کروڑ کا اضافہ ہے۔ یہ 2024-25 کے نظرثانی شدہ تخمینہ سے بھی 1,481 کروڑ زیادہ ہے۔
ہفتہ کو بجٹ پیش کرتے ہوئے، وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے اقلیتی بہبود کے پروگراموں پر حکومت کی توجہ کو اجاگر کیا۔ پچھلے سال، وزارت کو 3,183.24 کروڑ روپے مختص کیے گئے تھے، لیکن درحقیقت صرف 1,868.18 کروڑ ہی خرچ ہوئے تھے، جس کی وجہ سے فنڈز کے کم استعمال پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔
اس سال کے بجٹ میں اقلیتی برادریوں کے طلبہ کو تعلیمی بااختیار بنانے کے لیے 678.03 کروڑ روپے شامل ہیں۔ سماجی و اقتصادی حالات کو بہتر بنانے اور مساوی مواقع فراہم کرنے کے لیے کلیدی اسکیموں اور پروجیکٹوں کے لیے 1,237.32 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔
ایک بڑا حصہ 1,913.98 کروڑ ’اقلیتوں کی ترقی کے لیے امبریلا پروگرام‘ کے تحت مختص کیا گیا ہے، جس میں اقلیتی برادریوں کی ترقی کے لیے مختلف اقدامات کا احاطہ کیا گیا ہے۔