مردم شماری کیلئے نوٹیفکیشن جاری،2027 تک مکمل کرنے کی تیاری
مرکزی حکومت نے اس بار مردم شماری کے ساتھ ساتھ ذات پر مبنی مردم شماری کیلئے بھی نوٹیفکیشن جاری کیا

نئی دہلی ،16 جون :۔
مردم شماری کے ساتھ ساتھ ذات پات پر مبنی مردم شماری کرائے جانے کیلئے پارلیمنٹ سے سڑک تک آواز اٹھانے والی کانگریس کے دیرینہ خواب اب پورے ہونے والے ہیں ۔ مرکزی حکومت نے اس سلسلے میں نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔رپورٹ کے مطابق 2027 تک دو مرحلوں میں مردم شماری کا عمل مکمل کئے جانے کی تیاری ہےاس بار مردم شماری کے ساتھ ساتھ ذات پات پر مبنی مردم شماری کرنے کا بھی اعلان کیا گیا ہے ۔مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے آج ملک کی 16ویں مردم شماری 2027 کے لیے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ اس مرتبہ مردم شماری کے ساتھ ساتھ ذات پر مبنی مردم شماری کے لیے بھی نوٹیفکیشن جاری ہوا ہے۔ یہ مردم شماری ہندوستان کی 16ویں اور آزادی کے بعد 8ویں مردم شماری ہے۔
رپورٹ کے مطابق وزارت داخلہ کے مطابق 16ویں مردم شماری کو لے کر تقریباً 34 لاکھ شمار کنندگان اور سپر وائزرس کے ساتھ ساتھ تقریباً 1.3 لاکھ مردم شماری افسر تعینات کیے جائیں گے۔ حکومت کی طرف سے جاری بیان کے مطابق مردم شماری کے لیے موبائل ایپلی کیشن کا استعمال بھی کیا جائے گا۔ لوگوں کو خود حساب و کتاب کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ مردم شماری سے جڑے اعداد و شمار کے تحفظ کے لیے بہت بڑے ڈاٹا سیکوریٹی اقدامات کیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ اس مرتبہ مردم شماری 16 برسوں کے بعد کرائی جا رہی ہے۔ ملک میں آخری بار مردم شماری سال 2011 میں کی گئی تھی لیکن کورونا سمیت مختلف وجوہات سے 2021 میں ہونے والی مردم شماری اب تک نہیں ہو سکی ہے۔