مذہبی اور روحانی پیشواؤں نے لوگوں سے کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں حکومت کے ساتھ تعاون کرنے کی اپیل کی

نئی دہلی، اپریل 15: مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے مذہبی اور روحانی رہنماؤں نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں حکومت اور مقامی حکام کے ساتھ تعاون کریں، جس نے پورے ملک میں اب تک 377 افراد کی جان لے لی ہے۔ وزارت صحت اور خاندانی بہبود کے مطابق ملک میں اب تک کوویڈ 19 مثبت کیسوں کی تعداد 11439 ریکارڈ کی گئی ہے۔

’’کورونا وائرس کا چیلنج اور مذہبی رہنماؤں کا پیغام‘‘ کے مرکزی موضوع پر ایک آن لائن بین المذاہب یکجہتی پروگرام کی صدارت کرتے ہوئے جماعت اسلامی ہند (JIH) کے نائب امیر جناب محمد سلیم انجینئر نے کہا ’’آج پوری دنیا کو کورونا وائرس کی وجہ سے ہونے والی تباہی کا سامنا ہے۔ دن بہ دن وائرس سے متاثرہ کیسوں کی تعداد بڑھ رہی ہے اور اس کی تعداد 1.8 ملین ہوگئی ہے۔ ہلاکتوں کی تعداد ایک لاکھ سے زیادہ ہے۔ کوویڈ19 اب ایک وبائی بیماری ہے، جس سے ہندوستان سمیت تمام ممالک کو نقصان پہنچا ہے۔ یہ ہمارے شہریوں کے لیے آزمائش اور مصیبت کا وقت ہے اور ہمیں متحدہ طور پر اس چیلنج کا مقابلہ کرنا ہوگا۔‘‘

پروگرام میں متعدد ممتاز مذہبی پیشواؤں اور رہنماؤں نے حصہ لیا۔ انھوں نے اس بات پر زور دیا کہ ملک انتہائی حساس دور سے گزر رہا ہے اور اگر کسی نے ملک میں پائے جانے والے امن اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو خراب کرنے کی کوشش کی تو مذہبی سربراہان کو جلد عمل کرنا ہوگا۔ ہمیں مختلف عقائد کے لوگوں کے مابین قریبی رابطے کو یقینی بنانا چاہیے اور وبائی امراض کا مقابلہ کرنے کے اقدامات میں حکومت کی مدد کرنی چاہیے۔ ہمیں لوگوں کو حکام اور صحت کے عہدیداروں کے ذریعہ اعلان کردہ تمام احتیاطی اقدامات کرنے کی ترغیب دینی ہوگی۔ ہمیں یقین ہے کہ ان کوششوں سے ہمارے معاشرے اور ملک کو تقویت ملے گی اور ہم مہلک کورونا وائرس وبائی بیماری کو شکست دینے میں کامیاب ہوجائیں گے۔

اس پروگرام میں شریک رہنماؤں میں شری شری روی شنکر (آرٹ آف لیونگ)، شنکراچاریہ سوامی اومکارانند، سوامی مارٹند پوری (روحانی رہنما اور صحافی)، سوامی لکشمی شنکراچاریہ، گوسوامی سشیل مہاراج ، سوامی اگنی ویش (سناتن دھرم گرو اور انسانی حقوق کے کارکن)، گیانی رنجیت سنگھ (چیف گرانتھی، گرودوارہ رکاب گنج)، آچاریہ ویویک منی (صدر انٹرنیشنل مہاویر جین مشن)، ڈاکٹر اے کے مرچنٹ (بہائی فاؤنڈیشن) ، ڈاکٹر بھیکو نندرتن تھیرو (پالی سوسائٹی آف انڈیا)، راجیوگی بی کے برج موہن آنند (برہما کمارس) اور سنت ویر سنگھ ہٹکاری۔

یہ پروگرام جناب محمد اقبال ملّا نے منعقد کیا تھا۔