مدھیہ پردیش : ہندو شدت پسند تنظیم بجرنگ دل اور آر ایس ایس کے ارکنان گانجہ اسمگلنگ کے الزام میں گرفتار
مدھیہ پردیش کے ستنا میں ریلوے پروٹیکشن فورس کی ٹیم نے بجرنگ دل کے ضلع کنوینر سندرم تیواری اور آر ایس ایس کے دو کارکن اچھرہ ریلوے اسٹیشن سے گرفتار کیا
بھوپال ،30مئی :۔
ہندو شدت پسند تنظیموں کے ارکان دیش بھکتی اور حب الوطنی کا ڈھنڈورا پیٹتے نہیں تھکتے اور ہمہ وقت راشٹر بھکتی کا جھنڈہ لے کر اپنے علاوہ دوسروں کو غدار بتاتے ہیں مگر دیش بھکتی کی آڑ میں ہی وہ سارے غیر قانونی دھندے انجام دیتے ہیں چاہے وہ مسلمانوں کے خلاف گؤ کشی کا جھوٹا الزام لگا کر تشدد کا معاملہ ہو یا ملک مخالف سر گرمیوں میں ملوث ہونے کا معاملہ ہو۔حالیہ دنوں میں مدھیہ پردیش پولیس نے ہندوتوا تنظیم بجرنگ دل کے ضلع صدر سندرم تیواری اور آر ایس ایس کے دو کارکنوں کو چرس کی اسمگلنگ کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔
یہ معاملہ ستنا ضلع کے اچھرہ ریلوے اسٹیشن سے متعلق ہے، جہاں ریلوے پروٹیکشن فورس کی ٹیم نے دو لوگوں کو گرفتار کیا جو سارناتھ ایکسپریس سے گانجہ لے کر اچھرہ ریلوے اسٹیشن پر اترے تھے۔ان لوگوں سے 35 کلو گرام گانجہ برآمد ہوا ہے اور ان کے تین ساتھی پولیس کی گرفت سے فرار ہو گئے ہیں۔
ہندوتوا واچ ویب سائٹ کے مطابق، گرفتار اسمگلروں کی شناخت سندرم تیواری اور جئے چورسیا کے طور پر کی گئی ہے، جو راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے بھی رکن ہیں۔گرفتار ملزمان میں سندرم تیواری مدھیہ پردیش کے پنا ضلع میں ہندوتوا تنظیم بجرنگ دل کا ضلع کنوینر بھی ہے۔سوشل میڈیا پر گزشتہ کئی دنوں سے ان کی گرفتاری کا ویڈیو وائرل ہو رہا ہے جس پر صارفین اپنے رد عمل کا اظہار کر رہے ہیں اور ہندو تنظیموں کی دیش بھکتی کی آڑ میں غیر قانونی سر گرمیوں میں ملوث ہونے پر سوال کھڑے کر رہے ہیں۔