مدھیہ پردیش: ہندوتوا گروپ کے ذریعہ ڈیلیوری بوائے کو ہراساں کئے جانے کی مذمت
سینٹا کلاز یونفارم پہنے ڈلیوری بوائے کو جاگرن منچ کے کارکنان نے ہراساں کیا اور کاسٹیوم نکلوایا،جے شری رام کے نعرے لگائے
نئی دہلی ،26 دسمبر :۔
25 دسمبر کو کرسمس ڈے کے موقع پر ایک فوڈ ڈلیوری بوائے نے کمپنی کی ہدایت پر سینٹا کلاز کا کاسٹیوم پہن لیا جس پر ہندو شدت پسند تنظیم ہندو جاگرن منچ کے ارکان نے اعتراض کیا ۔صرف اعتراض ہی نہیں کیا بلکہ اس کو کاسٹیوم نکالنے پر مجبور کیا اور ہراساں کرتے ہوئے جے شری رام کے نعرے لگائے۔سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پراس پورے معاملے کا ویڈیو وائرل ہو گیا ہے جس کے بعد ہر طرف اس عدم برداشت کی حرکت کی مذمت کی جا رہی ہے۔
یہ پورا معاملہ 25 دسمبر کا ہے جو مدھیہ پردیش کے اندور سے متعلق ہے۔فوڈ ڈلیوری بوائے معروف فوڈ سپلائی کرنے والی کمپنی زومیٹو سے متعلق ہے۔وائرل ہونے والی ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ مدھیہ پردیش کے اندور میں ایک فوڈ ڈیلیوری ایجنٹ کو ایک ہندو گروپ نے روکا اور اس کا سینٹا کلاز کاسٹیوم اتارنے پر مجبور کیا ۔ ہندو جاگرن منچ کے ارکان نے اسے ہراساں کیا اور ’’جے شری رام‘‘ کا نعرہ لگانے کے بعد ایجنٹ کو جانے دیا۔
اس دوران جاگرن منچ کے لوگوں نے اسے ہراساں کرتے ہوئے سوال کیا کہ "کیا تم نے کبھی دیوالی پر بھگوان رام کا کاسٹیوم پہن کر لوگوں کے گھر فوڈ ڈلیوری کرنے گئے ہو؟
رپورٹ کے مطابق ڈلیوری بوائے کی شناخت ارجن کے نام سے ہوئی ہے۔اس نے کہا کہ ڈیلیوری ایپ زومیٹو نے تہوار کے لباس کوڈ کو لازمی قرار دیا تھا، جس میں ڈیلیوری اہلکاروں کو تعمیل کے ثبوت کے طور پر سیلفی بھیجنے کی ضرورت ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عدم تعمیل میں تنخواہ میں کٹوتی یا آئی ڈی کو بلاک کرنے کا باعث بن سکتی ہے۔
شدت پسندوں نے کہا کہ "ہم ہندو ہیں۔ ہم بچوں کو کیا پیغام دے رہے ہیں؟ کیا صرف سینٹا کلاز کا لباس پہن کر ڈلیوری کرنا ضروری ہے؟ اگر آپ واقعی کوئی پیغام دیناچاہتے ہیں تو بھگت سنگھ یا چندر شیکھر آزاد کا لباس پہنیں۔
اس معاملے میں تلنگانہ گِگ اور پلیٹ فارم ورکرز یونین نے اس واقعہ پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور زومیٹو کے سی ای او دیپندر گوئل سے اس واقعہ کا نوٹس لینے اور ڈیلیوری ورکرز کو درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کو ترجیح دینے کی تاکید کی۔
تلنگانہ گِگ اینڈ پلیٹ فارم ورکرز یونین کے صدر شیخ صلاح الدین نے کہا کہ میں ڈیلیوری ورکرز کے ساتھ یکجہتی میں کھڑا ہوں اور اس طرح کی ہراسانی کی مذمت کرتا ہوں۔گگ اور پلیٹ فارم کے کارکن عزت اور حمایت کے مستحق ہیں، ذلت کے نہیں۔ ہم زومیٹو جیسی کمپنیوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اپنی پالیسیوں پر نظرثانی کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ مستقبل میں کارکنان ایسے واقعات سے محفوظ رہیں۔