مدھیہ پردیش کانگریس  کا انتباہ: 27 فیصداو بی سی  ریزرویشن نہ دیا گیا تو ریاست گیر احتجاج کیا جائے گا

 

نئی دہلی ،بھوپال 07 جولائی :۔

مدھیہ پردیش کانگریس نے ریاست کی بی جے پی حکومت کو واضح انتباہ دیا ہے کہ اگر دیگر پسماندہ طبقات (او بی سی) کے لیے 27 فیصد ریزرویشن کو فوری طور پر نافذ نہیں کیا گیا تو پارٹی ریاست گیر تحریک شروع کرے گی۔ کانگریس کا الزام ہے کہ موہن یادو حکومت او بی سی برادری کے آئینی حقوق کی مسلسل خلاف ورزی کر رہی ہے۔

ریاستی کانگریس کے صدر جیتو پٹواری اور اپوزیشن لیڈر امنگ سنگھار نے پیر کو پارٹی دفتر میں منعقدہ مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ بی جے پی حکومت نے او بی سی برادری کے ساتھ دھوکہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا، "اگر حکومت جلد ہی کوئی فیصلہ نہیں لیتی ہے، تو کانگریس ریاست بھر میں دھرنا-مظاہرے، ریلیاں، عوامی بیداری اور محاصرہ جیسی زبردست ایجی ٹیشن منظم کرے گی۔ یہ لڑائی اس وقت تک جاری رہے گی جب تک OBC کمیونٹی کو ان کا آئینی حق نہیں مل جاتا۔

بی جے پی حکومت پر سنگین الزامات لگاتے ہوئے کانگریس قائدین نے کہا کہ حکومت او بی سی برادری کو 27 فیصد ریزرویشن سے محروم کرنے کے لئے آئین کے بنیادی ڈھانچے سے چھیڑ چھاڑ کررہی ہے۔

جیتو پٹواری نے کہا، "یہ حکومت سپریم کورٹ کی واضح ہدایات کو بھی نظر انداز کر رہی ہے اور ایک ظالمانہ سیاسی ذہنیت کے تحت او بی سی ریزرویشن پر پابندی لگا رہی ہے۔ امنگ سنگھار نے کہا کہ بی جے پی حکومت او بی سی سماج کو دھوکہ دے رہی ہے جو نہ صرف سماجی انصاف کے خلاف ہے بلکہ جمہوری اقدار کا بھی قتل ہے۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ کانگریس اب اس مسئلہ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی اور او بی سی سماج کے حقوق کے لئے ہر محاذ پر لڑے گی۔

کانگریس نے واضح طور پر کہا ہے کہ اگر حکومت اس مسئلہ پر ٹال مٹول کرتی رہی تو پارٹی سڑکوں پر اترے گی اور اقتدار کے گلیاروں میں اس آواز کو بلند کرے گی۔