مدھیہ پردیش: چار بچے پیدا کرنے والے  برہمن جوڑے کو ایک لاکھ روپے کا انعام

مدھیہ پردیش کے درجہ حاصل وزیر پنڈت وشنو راجوریا نے کہا کہ پرشو رام بورڈ کی جانب سے انعام دیا جائے گا

نئی دہلی ،14 جنوری :۔

ہندوتو نواز تنظیموں اور دائیں بازو کے نظریات کی حامل جماعتوں کی جانب سے ملک میں بڑھتی آبادی پر مسلمانوں کو لعن طعن کیا جاتا ہے اور ہر مسئلے کیلئے بڑھتی آبادی کو ذمہ دار ٹھہرایا جاتا  رہا ہے لیکن اب وہی  تنظیمیں زیادہ بچہ پیدا کرنے کی ترغیب دے رہی ہیں ۔ خاص طور پر برہمنوں کو چار بچہ پیدا کرنے پر انعام کا اعلان کیا گیا ہے۔ مدھیہ پردیش  پرشورام ویلفیئر بورڈ کے چیئرمین پنڈت وشنو راجوریا نے  ایک تقریب کے دوران یہ اعلان کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق  مدھیہ پردیش میں  درجہ حاصل وزیر اپنڈت وشنو راجوریانے اعلان کیا کہ چار بچے پیدا کرنے کا فیصلہ کرنے والے برہمن نوجوانوں کو ایک لاکھ روپے کا انعام دیا جائے گا۔ انہوں یہ باتیں اندور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا۔ راجوریا نے کہا کہ ” ادھرمیوں ” کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے کیونکہ "ہم نے بڑی حد تک اپنے خاندانوں پر توجہ دینا چھوڑ دیا ہے۔”  راجوریا نے کہا، "مجھے نوجوانوں سے بہت زیادہ توقعات ہیں، ہم بڑے لوگوں سے بہت زیادہ توقعات نہیں رکھ سکتے۔ دھیان سے سنیں، آنے والی نسل کی حفاظت کی ذمہ داری آپ پر ہے، نوجوان ایک بچے کے بعد  رک جاتے ہیں۔ یہ بڑا مسئلہ ہے میں اپیل  کرتا ہوں کہ آپ کے پاس کم از کم چار  بچے ہونا چاہئیں۔ اس کے بعد انہوں نے اعلان کیا کہ پرشورام بورڈ چار بچوں والے جوڑوں کو ایک لاکھ روپے کا انعام دے گا۔

راجوریا نے کہا، ’’یہ ایوارڈ دیا جاتا رہے گا چاہے میں بورڈ کا چیئرمین رہوں یا نہ رہوں‘‘۔  راجوریا نے کہا کہ نوجوان اکثر ان سے کہتے ہیں کہ تعلیم اب مہنگی ہو گئی ہے۔  میں ان سے کہتا ہوں، "کسی طرح روزی کماؤ، لیکن اولاد پیدا کرنے میں پیچھے نہ رہو، ورنہ  ادھرمی   اس ملک پر قبضہ کر لیں گے۔

دریں اثنا کانگریس نے وزیر راجوریا کے بیان پر اپنے رد عمل کا اظہار کیا ہے۔ کانگریس کے مکیش نائک نے کہا کہ راجوریا کو اپنے  بیان  پر نظر ثانی کرنی چاہئے۔  نائک نے کہا- "میرادوست پڑھا لکھا آدمی ہے۔ میں اسے بتانا چاہتا ہوں کہ آبادی میں اضافہ آج دنیا کے بڑے مسائل میں سے ایک ہے۔ وہاں جتنے کم بچے ہوں گے، ان کی تعلیم کو یقینی بنانا اتنا ہی آسان ہوگا۔ یہ کہ مسلمان زیادہ ہو جائیں گے اور ہندوؤں کو کھا جائیں گے یہ خیالی پلاؤ ہے کہ ہمارا ملک تب ہی طاقتور ہو گا جب ہم متحد ہوں گے۔