مدھیہ پردیش: منڈلا میں غیر قانونی ‘ بیف’ ملنے کے بعد 11 مسلمانوں کے گھروں پر چلا بلڈوزر
ملزمین کے گھروں میں ریفریجریٹر سے بڑی مقدار میں گائے کا گوشت برآمد،150 گائیں بچانے کا دعویٰ
نئی دہلی ،16 جون :۔
عید الاضحی سے قبل مدھیہ پردیش حکومت نے ایک بڑی کارروائی کی ہے۔رپورٹ کے مطابق مدھیہ پردیش کے منڈلا ضلع میں حکام نے "غیر قانونی گائے کے گوشت کی تجارت” کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران م11 مسلمانوں کے مکانات کو مسمار کر دیا۔ منڈلا کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس رجت سکلیچا کے مطابق، یہ مسماری سرکاری اراضی پر مویشیوں سے متعلق غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف وسیع کریک ڈاؤن کے حصے کے طور پر ہوئی۔
ایس پی سکلیچا نے کہا کہ یہ کارروائی نین پور قصبہ کے بھینواہی علاقے میں ذبح کرنے کے لیے بڑی تعداد میں گایوں کو رکھے جانے کی اطلاع کے بعد کی گئی۔دی آبزرورپوسٹ کی رپورٹ کے مطابق حکام نے بتایا کہ "ایک ٹیم وہاں پہنچی، اور ہم نے ملزم کے ٹھکانے کے پیچھے سائڈ میں 150 گائیں بندھی ہوئی دیکھیں۔ تمام 11 ملزمان کے گھروں کے ریفریجریٹرز سے گائے کا گوشت بھی برآمد ہوا۔ ہمیں جانوروں کی چربی، مویشیوں کی کھال اور ہڈیاں بھی ملیں، جو ایک کمرے میں بھری ہوئی تھیں۔
مقامی حکومت کے جانوروں کے ڈاکٹر نے تصدیق کی کہ ضبط شدہ گوشت گائے کا تھا، اور مزید تصدیق کے لئے ڈی این اے تجزیہ کے لیے نمونے حیدرآباد بھیجے گئے ۔ جانچ کے بعد ایک ایف آئی آر درج کی گئی، اور ایک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا، باقی دس مشتبہ افراد کی تلاش جاری ہے۔
ایس پی سکلیچا نے کہا، "11 ملزمان کے مکانات کو مسمار کر دیا گیا کیونکہ وہ سرکاری زمین پر تھے،” انہوں نے مزید کہا کہ یہ علاقہ گائے کی اسمگلنگ کا ایک بدنام مرکز بن چکا ہے۔خیال رہے کہ مدھیہ پردیش میں گائے ذبح کرنے پر سات سال قید کی سزا ہے۔آپریشن کے بعد بچائی گئی 150 گایوں کو کیٹل شیلٹر میں بھیج دیا گیا ہے۔ حکام ملزمان کے مجرمانہ پس منظر کے بارے میں بھی چھان بین کر رہے ہیں۔ پولیس ذرائع نے مزید کہا کہ تمام ملزمان مسلمان ہیں۔