مدھیہ پردیش :مزار پر توڑ پھوڑ معاملے میں 4 ملزمین گرفتار

نئی دہلی،18 اگست :۔
اتر پردیش کے فتح پور میں ایک مقبرے میں توڑ پھوڑ کے واقعہ کے بعد اب مدھیہ پردیش کے ریوا ضلع کے ایک مزار میں توڑ پھوڑ اور مذہبی جھنڈا لہرانے کا معاملہ سامنے آیا ہے ۔اس سلسلے میں پولیس نے 4 ملزمین کو گرفتار کر لیا ہے۔ اس واقعہ کے بعد مسلم طبقے میں کافی ناراضگی تھی۔ گاؤں میں کشیدگی کی حالت بنی ہوئی ہے جس کے پیش نظر پولیس نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے 4 ملزمین کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کر دیا۔
رپورٹ کے مطابق یہ معاملہ ریوا ضلع کے گُڑھ تھانہ علاقے کا ہے۔ گورگی گاؤں میں جمعہ کی رات غازی میاں کے پرانے مزار پر کچھ شرارتی عناصر نے توڑ پھوڑ کرکے مذہبی جھنڈا لگا دیا تھا۔ سماج دشمن عناصر نے علاقے میں سماجی خیرسگالی کو مجروح کرنے کی کوشش کی تھی۔ ملزمین نے درگاہ کے باہر واقع چبوترہ، مزار کے اوپر کا گنبد، مینار، دروازہ اور مزار کے اندر بنے روضہ میں بھی توڑ پھوڑ کی تھی۔
ہفتہ کو جب مزار پر توڑ پھوڑ کی خبر مسلم طبقے کو ملی تو غصے کی لہر دوڑ گئی۔ بڑی تعداد میں مقامی لوگ جمع ہو گئے اور احتجاجی مظاہرہ کرنے لگے۔ پولیس اور انتظامیہ نے لوگوں کو پُرسکون کرایا اور انہیں یقین دلایا کہ قصوروں کو جلد سے جلد پکڑا جائے گا۔ پولیس نے درگاہ کے کیئر ٹیکر کی شکایت پر نامعلوم ملزمین کے خلاف معاملہ درج کر لیا۔ لوگوں نے سماج دشمن عناصر کو فوری طور پر گرفتار کرتے ہوئے کارروائی کا مطالبہ کیا۔پولیس نے حالات کو دیکھتے ہوئے چار افراد کو گرفتار کیا ہے ۔بتایا جاتا ہے کہ اس میں ایک شخص کا تعلق گاؤں ہی سے ہے ۔ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ واردات کو انجام دینے والے افراد نشے میں تھے ۔