مدھیہ پردیش: ‘لو جہاد’ کی رپورٹنگ کے خلاف رہنما خطوط کی درخواست ہائی کورٹ سے مسترد

نئی دہلی،10 جولائی :۔
بی جے پی اور دائیں بازو کی مسلم منافرت پر مبنی تنظیموں کی جانب سے مسلمانوں کے خلاف سماج میں نفرت پھیلانے کیلئے لو جہاد کے استعمال کے خلاف مدھیہ پردیش ہائی کورٹ میں ایک عرضی دائر کی گئی تھی جس میں مطالبہ کیا گیا تھا کہ لو جہاد کے نام پر مسلمانوں کے خلاف نفرت انگی رپورٹنگ کے تعلق سے رہنما ہدایات جاری کی جائے ۔ جس پر مدھیہ پردیش ہائی کورٹ نے سماعت سے انکار کرتے ہوئے عرضی خارج کر دی ۔
رپورٹ کے مطابق عرضی میں "لو جہاد” کی اصطلاح کا استعمال کرتے ہوئے ہتک آمیز اور فرقہ وارانہ رپورٹس شائع کرنے سے میڈیا کو روکنے کے لیے رہنما اصول مانگے گئے تھے۔ یہ حکم بھوپال سے ایک متنازعہ ویڈیو منظر عام پر آنے کے فوراً بعد آیا ہے، جس میں سب انسپکٹر دنیش شکلا، بجرنگ دل کے ارکان کے ساتھ بیٹھے ہوئے، مسلمانوں کو جم سے دور رہنے کی تنبیہ کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق معروف احمد خان کی طرف سے دائر درخواست میں دو ہندی اخبارات کے ایڈیٹرز کے خلاف مجرمانہ کارروائی کا مطالبہ کیا گیا تھا کہ انہوں نے مبینہ طور پر "لو جہاد” کی اصطلاح کو مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے اور فرقہ وارانہ منافرت پھیلانے کے لیے استعمال کیا۔ خان نے عدالت سے جھوٹی اور اسلامو فوبک رپورٹنگ کو روکنے کے لیے میڈیا کے رہنما خطوط وضع کرنے کی بھی درخواست کی۔
تاہم، جسٹس وشال مشرا کی سنگل جج بنچ نے تکنیکی بنیادوں پر اس درخواست کو مسترد کر دیا، یہ کہتے ہوئے کہ جو راحتیں مانگی گئی ہیں وہ مفاد عامہ کی عرضی (PIL) کی نوعیت میں ہیں اور اسے مینڈیمس کی رٹ کے طور پر قبول نہیں کیا جا سکتا۔ جسٹس مشرا نے نوٹ کیا کہ درخواست درست قانونی ضابطے کے تحت دائر نہیں کی گئی تھی اس لیے اس پر کارروائی نہیں کی جا سکتی۔
سماعت کے دوران، سرکاری وکیل سمیت راگھونشی نے دلیل دی کہ خان کے پاس اس طرح کی بڑی ریلیف کا مطالبہ کرنے کی قانونی حیثیت نہیں ہے۔ خان کے وکیل دیپک بنڈیلے نے جواب دیا کہ ان کا مؤکل، بطور مسلم کمیونٹی کے رکن، میڈیا کے توہین آمیز مواد سے براہ راست متاثر ہوا ہے۔ انہوں نے یہ بھی نشاندہی کی کہ پولیس کو پیشگی شکایت کا کوئی جواب نہیں ملا۔
جسٹس مشرا نے کہا کہ اگر پولیس کارروائی کرنے میں ناکام رہی تو عرضی گزار کے پاس دیگر قانونی راستے تھے، بشمول سینئر حکام تک شکایت کو پہنچانایا بھارتی شہری تحفظ سنہتا کے تحت دائر کرنا۔ اس بنیاد پر عدالت نے کیس کو آگے بڑھانے سے انکار کر دیا۔
واضح رہے کہ "لوجہاد” کی اصطلاح، جو اکثر حکمراں بی جے پی اور اس سے منسلک دائیں بازو کے گروہوں کے ذریعہ استعمال کی جاتی ہے، ایک سازشی تھیوری کی طرف اشارہ کرتی ہے جس میں یہ الزام لگایا گیا ہے کہ مسلمان مرد ہندو خواتین سے شادی کر کے انہیں اسلام قبول کرتے ہیں۔ تاہم مرکزی وزارت داخلہ نے پارلیمنٹ میں تصدیق کی ہے کہ ہندوستانی قانون کے تحت ایسی کوئی اصطلاح موجود نہیں ہے۔
فروری 2020 میں لوک سبھا میں ایک سوال کے جواب میں، وزیر مملکت برائے داخلہ جی کشن ریڈی نے کہا کہ "لو جہاد” کے معاملات کا کوئی سرکاری ریکارڈ نہیں ہے اور کسی مرکزی ایجنسی نے ایسے واقعات کی اطلاع نہیں دی ہے۔ انہوں نے آئین کے آرٹیکل 25 کا حوالہ دیا، جو ہر شہری کے اپنے مذہب پر عمل کرنے اور اس کی تبلیغ کے حق کی توثیق کرتا ہے۔