مدھیہ پردیش: قبائلی شخص پر پیشاب کرنے والا بی جے پی رہنما گرفتار
صارفین نے سوشل میڈیا پر اٹھائے سوال ،پرویش شکلا کے گھر پر کب چلے گا بلڈوزر
بھوپال ،05جولائی :۔
مدھیہ پردیش میں انسانیت کو شرمسار کرنے والا یہ واقعہ سامنے آیا ہے۔جہاں ایک نوجوان بی جے پی لیڈر نے ایک قبائلی محروم و مظلوم قبائلی شخص پر پیشاب کردیا۔یہ واقعہ نہ صرف انسانیت کو شرمسار کرنے والا ہے بلکہ حیوانیت سے بھی گیا گزرا واقعہ ہے ۔ایسا کبھی سوچا بھی نہیں جا سکتا کہ کوئی انسان کسی انسان پر اس طرح اطمینان اور سکون کے ساتھ پیشاب کر رہا ہو۔
گزشتہ کل اس واقعہ کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوا جس کے بعد مدھیہ پردیش سرکار نے فوری کارروائی کرنے کا اشارہ دیا اور دیر رات تک پولیس نے پرویش شکلا نامی بی جے پی کے سیدھی ایم ایل اے کے نمائندہ کو گرفتار کیا ۔
انسانیت کا یہ شرمناک واقعہ مدھیہ پردیش کے ضلع سدھی سے سامنے آیا۔ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ نشے کی حالت میں ایک شخص دوسرے قبائلی شخص پر پیشاب کر رہا ہے۔ ملزم نوجوان کی شناخت پرویش شکلا سدھی بی جے پی کے ایم ایل اے کے نمائندہ کے طور پر کی گئی ہے ۔ اس ویڈیو نے ریاست میں ایک سیاسی تنازعہ کھڑا کر دیا، جس کے بعد وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان کو سخت قومی سلامتی ایکٹ کے تحت ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دینا پڑا۔
پولیس کے مطابق شکلا گرفتاری سے بچنے کے لیے ایک جگہ سے دوسری جگہ چھپتا رہا اور پولیس اسے ڈھونڈتی رہی۔اطلاع کے مطابق اسے صبح 2 بجے پکڑ کر پوچھ گچھ کی گئی۔ اس کے خلاف قومی سلامتی ایکٹ، ایس سی/ایس ٹی ایکٹ اور تعزیرات ہند کی دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ شکلا کی بیوی اور والدین سے بھی تفتیش کے حصے کے طور پر پوچھ گچھ کی گئی۔
تعجب خیز طور پر اس پورے واقعہ پر گرفتاری سے بچنے کے لئے ملزمین نے ہتھکنڈہ اپنایا اور متاثرہ کے ذریعہ دباؤ بنا کر حلف نامہ تیار کیا جس میں وائرل ویڈیو کو جعلی قرار دیا۔ جس میں کہا گیا کہ یہ ویڈیو فرضی ہے اور شکلا کو جھوٹے مقدمے میں پھنسانے کے لیے بنایا گیا تھا۔ ملزم شکلا کا بی جے پی سے تعلق پر کانگریس نے بی جے پی پر نشاہ سادھا ہے اور قبائلیوں کے ساتھ مظالم روا رکھنے کا الزام عائد کیا ہے ۔دریں اثنا شکلا کی متعدد تصویر بی جے پی رہنما ؤں کے ساتھ سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے ۔ سدھی کے ممبر اسمبلی کیدارناتھ شکلا اور ریوا سے بی جے پی ایم ایل اے راجندر شکلا کے ساتھ پرویش شکلا کی تصویر سوشل میڈیا پر م وائرل ہو رہی ہے ، تاہم پارٹی نے ان کے ساتھ کسی قسم کے تعلق سے صاف انکار کیا ہے۔ کیدارناتھ شکلا نے کہا کہ میں اسے جانتا ہوں کیونکہ وہ میرے حلقے سےہے، لیکن وہ میرانمائندے یا بی جے پی کارکن نہیں ہے۔
وہیں دوسری طرف سوشل میڈیا پر صارفین پر شیو راج سنگھ چوہان اور وزیر داخلہ نروتم مشرا سے سوال کر رہے ہیں کہ ملزم کے گھر پر بلڈوزر کب چلے گا،کیونکہ بی جے پی کی حکومت والی ریاستوں میں جیسے ہی کوئی مسلم نوجوان کسی جرم کے الزام میں گرفتار ہوتا ہے تو 24 گھنٹے کے اندر اس کے گھر پر بلڈوزر چلا دیا جاتا ہے ،صارفین سوال کر رہے ہیں کہ پرویش شکلا کے گھر پر بلڈوزر کب چلے گا۔