مدھیہ پردیش اردو اکادمی کے زیر اہتمام "اردو ڈرامہ فیسٹیول” کا انعقاد
مدھیہ پردیش، جنوری 18: مدھیہ پردیش اردو اکادمی ،محکمہ ثقافت کے زیر اہتمام 11 جنوری سے 16 جنوری 2022 تک روزانہ شام 7 بجے "اردو ڈرامہ فیسٹیول” کا انعقاد کیا گیا. چھ دن چلنے والے اس فیسٹیول میں بہترین ڈرامے پیش کیے گئے اور بڑی تعداد میں ناظرین نے شرکت کی. اور کئی دفعہ تو ایسا بھی ہوا کہ پورا حال کھچا کھچ بھر گیا. کووڈ کے لیے جاری ہدایات کو مد نظر رکھتے ہوئے سوشل ڈسٹینسگ کے تحت ناظرین کو بٹھانے کا انتظام کیا گیا. چھ ڈراموں پر مشتمل یہ ڈرامہ فیسٹیول بے حد کامیاب رہا.
پروگرام کی ابتدا میں اکادمی کی ڈائریکٹر ڈاکٹر نصرت مہدی نے ڈرامہ فیسٹیول کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ مدھیہ پردیش اردو اکادمی ہر سال ڈرامہ فیسٹیول کا انعقاد کرتی ہے. اسی سلسلے کے تحت اس سال 6 ڈرامے اسٹیج کیے جارہے ہیں. اس کا مقصد اردو زبان میں ڈراموں اور تھیٹر کی روایت کو زندہ رکھنا ہے ساتھ ہی اس کے ذریعے اس فن سے جڑے ہر فنکار کو اسٹیج فراہم کرانا بھی ہے. اس سال آزادی کا امرت مہوتسو کے موضوع کو بھی ڈرامہ فیسٹیول میں شامل کیا گیا ہے.
پروگرام کے پہلے دن "برسا منڈا” ڈرامہ اسٹیج کیا گیا. یہ ڈرامہ مشہور ڈرامہ گروپ رنگ محلہ سوسائٹی فار پرفارمنگ آرٹ،بھوپال کے ذریعے پیش کیا گیا،اس کے مصنف رشیکیش سلبھ ہیں. یہ ڈرامہ پردیپ اہروار کی ہدایت کاری میں پیش کیا گیا اور منتظمین اسٹیج تھے عدنان خان اور وویک ترپاٹھی. ان کے علاوہ دیگر فنکاروں میں رمیش اہیرے، اودے نوالکر، یوگیش وشوکرما ،سنیتا اہیرے اور ودھیادھر آمٹے وغیرہ موجود رہے.
"اردو ڈرامہ فیسٹیول” کے دوسرے دن "رام : امام ہند، ناز ہند” ڈرامہ پیش کیا گیا۔ یہ ڈرامہ ابھیودے سانسکرتک منچ، اندور کے ذریعے پیش کیا گیا، جس کے مصنف و ہدایت کار آلوک واجپائی ہیں. اس ڈرامہ کے تحت اردو شاعری میں رام پر مرکوز نظموں کو ایک تمثیلی مشاعرے کے ذریعے پیش کیا گیا، جو قومی یکجہتی، بھائی چارے اور محبت کا پیغام دیتا ہےاور ملک کی مثبت تعمیر میں ایک دوسرے کے مذہب اور علما کے لیے محبت، عزت اور امن کی طرف اشارہ کرتا ہے.
تیسرے دن "خانم بی” ڈرامہ پیش کیا گیا۔یہ ڈرامہ ینگس تھیٹر فاؤنڈیشن ، بھوپال کے ذریعے پیش کیا گیا جس کے مصنف ایس این لال اور ہدایت کار سرفراز حسن ہیں. ڈرامے کے اہم فنکاروں میں کیتکی اشڑا، شمبھاوی استھاپک،پریم جین، راہول کشواہ، رام تیواری، دیپانشو کمار، امن اگروال، مریم رضا، ظفر رضوی، شبھم سین وغیرہ کے نام شامل ہیں.
مدھیہ پردیش اردو اکادمی،محکمہ ثقافت کے زیر اہتمام "اردو ڈرامہ فیسٹیول” کے تحت چوتھے دن شام 7 بجے جل ککڑے-٣ ڈرامہ پیش کیا گیا. اس ڈرامہ کے مصنف رفیع شبیر اور تخلیقی ہدایت کار فرخ شیر خان ہیں.ڈرامے کے فنکاروں میں محمد آصف، سمت مشرا، یوگی چندرونشی،متھن دھوریا، زبیر عالم، سنجے پنچاکشری، عمران خان، انکر راؤ، شروتی دھرمیشن کے نام شامل ہیں۔
پانچویں دن "نظیر تو بے نظیر” ڈرامہ پیش کیا گیا،جس کے مصنف ڈاکٹر رضوان الحق اور ہدایت کار راجیو سنگھ ہیں.نظیر اکبر آبادی کی وہ نظمیں جن میں انھوں نے عوام کے مسائل اور میلوں ٹھیلوں اور تہواروں، ہندوستان کی مشترکہ تہذیب کو موضوع بنایا ہے اس ڈرامہ کا حصہ ہیں. اس ڈرامے میں آدمی نامہ، بنجارہ نامہ، مفلسی، دیوالی، ککڑی جیسی نظمیں شامل ہیں.
"اردو ڈرامہ فیسٹیول” کے آخری دن شام 7 بجے رویندر بھون،بھوپال میں "بھاگ اونتی بھاگ” ڈرامہ پیش کیا گیا. یہ پیشکش بھوپال تھیٹرز کی جانب سے دی گئی. ناٹک کے مصنف ہیں یوگیش سومن اور ہدایت کار ہیں معروف اداکار راجیو ورما.اسٹیج پر موجود فنکاروں میں پروین مہو والے، رہتا ورما، ادیشا نایر،ابھیشیک ٹھاکر وغیرہ شامل تھے.