مدھیہ پردیش:بی جے پی حکومت کی ظلم و زیادتی کا خوف ،مسلمانوں کا مذہبی جلوس نکالنے سے انکار
متحدہ طور پر تمام مسلمانوں نے خوف اور بے حکومت کی ظلم و زیادتی کا حوالہ دیتے ہوئے مذہبی جلوس نکالنے سے انکار کر دیا،ظلم اور زیادتی کا شکار جیل میں بند بے گناہ علماء کی رہائی کا مطالبہ
نئی دہلی ،16 ستمبر :۔
آج 12 ربیع الاول کے موقع پر پورے ملک میں عید میلادالنبی ؐ کی مناسبت سے جشن منایا گیا اور تزک و احتشام کے ساتھ جلوس نکالا گیا مگر مدھیہ پردیش کے چھتر پور میں مسلمانوں نے حکومت کی بے جا ظلم اور ہراسانی کے خلاف احتجاج درج کرتے ہوئے اس سال عید میلاد النبی کے موقع پر جلوس نکالنے سے انکار کر دیا ہے۔ان کا واضح طور پر کہنا ہے کہ چند دن پہلے انتظامیہ نے چھترپور کے مسلم علمائے کرام پر بے جا مظالم ڈھائے ،ان کو ہراساں کیا گیا ،شدید ظلم کیا گیا اور اب بھی بہت سے لوگ جیل کی سلاخوں میں بند ہیں ۔بہت سے لوگ اپنے گھروں سے بے گھر ہیں ،علاقے میں حکومت کا خوف و ہراس اب بھی باقی ہے ۔ اس لئے تمام مسلمانوں نے متحدہ طور پر حکومت کی ظلم و زیادتی کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے جلوس نکالنے سے انکار کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ ابھی کچھ دنوں قبل چھتر پور میں توہین رسالت کے خلاف ایک مظاہرہ کے دوران چند شر پسندوں کے ذریعہ کی گئی پتھر بازی کے الزام میں سیکڑوں مسلمانوں پر قہر ڈھایا گیا اور انتظامیہ نے متعدد مسلمانوں کے گھروں کو مسمار کر دیا تھا۔کانگریس رہنما محمد شہزاد کا وہ عالی شان بنگلہ اور گھر بھی اسی دوران مسمار کیا گیا تھا جس کا ویڈیو خوب وائرل ہوا ۔اب بھی سیکڑوں لوگ جیل میں بند ہیں ۔علاقے میں ماحول معمول پر نہیں آ سکا ہے اب بھی خوف و ہراس کا عالم ہے ۔ لوگ اپنے گھروں کو چھوڑ کر انتظامیہ کے خوف سے باہر ہیں۔ایسی صورت میں مسلمانوں نے مشترکہ طور پر جلوس نکالنے سے انکار کر دیا اور اپنے گھروں میں عید میلاد لنبیؐ منانے کی اپیل کی۔
علماء کرام نے اس موقع پر خدشہ ظاہر کیا کہ اگر وہ جلوس نکالتے ہیں تو انتظامیہ سے کیا امید ہے کہ وہ کوئی کوئی شر پسند ہنگامہ کھڑا کردے اور غریب مسلمانوں کو پھر سے تنگ کرنے کا کوئی بہانہ تلاش کرلے گی۔اس لیے اجتماعی طور پر پورے ضلع کے مسلمانوں نے حکومت کے ظلم کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے برسوں سے چلی آ رہی روایت کا اس سال اہتمام نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
چھتر پورہ کےعلی پورہ اور دیگر علاقوں کے مسلم ذمہ دارن اور علمائے کرام نے باقاعدہ ویڈیو پیغام کے ذریعہ مسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کوئی جلوس نہیں نکالیں گے اور گھروں میں ہی عید میلادلنبی ؐ منائیں گے۔ انہوں نے اس موقع پر انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ جو بے گناہ افراد اور علمائے کرام جیل میں ہیں انہیں فوری رہا کیا جائے اور توہین رسالت کے مرتکب رام گیری مہاراج جس کے خلاف درجنوں مقدمے ہیں گرفتار کیاجائے۔جب تک علمائے کرائم کی رہائی نہیں ہوگی اور بے گناہ افراد رہا نہیں کئے جائیں گے وہ کوئی تہوار تزک و احتشام کے ساتھ نہیں منائیں گے۔