مختصر مختصر: ہندوستان بھر میں کورونا متاثرین کی تعداد ڈھائی لاکھ سے تجاوز، اب تک 7،135 اموات، دیگر اہم خبریں
- ہندوستان اب کورونا وائرس سے دنیا کا پانچواں سب سے بدترین متاثرہ ملک ہے۔ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 9،983 نئے معاملات سامنے آنے کے بعد آج صبح تک ہندوستان میں کورونا وائرس کے معاملات کی مجموعی تعداد 2،56،611 ہوگئی۔ وہیں اموات کی تعداد بڑھ کر 7،135 ہوگئی۔
- دہلی حکومت دارالحکومت کی سرحدیں آج کھول رہی ہے، جو گذشتہ ہفتے سیل کی گئی تھی۔ انتظامیہ وزارت داخلہ کی آخری تازہ کاری کے مطابق 10 جون سے شراب پر عائد 70 فیصد اضافی ٹیکس بھی واپس لے گی، جسے "خصوصی کورونا فیس” کا نام دیا گیا تھا۔ دہلی میں اس وقت 16،229 فعال کوویڈ 19 کے واقعات ہیں اور 761 مریضوں کی موت ہوچکی ہے۔
- مہاراشٹر میں کورونا متاثرین کی مجموعی تعداد 85،000 کے ہندسے کو عبور کرکے 85،975 ہو گئی ہے۔ ریاست میں اموات کی تعداد 3،060 ہو گئی ہے۔ صرف ممبئی میں 48،549 معاملات سامنے آئے ہیں، جن میں سے 25،717 معاملات فعال ہیں اور اب تک 1،636 مریضوں کی موت ہوچکی ہے۔
- دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے اعلان کیا ہے کہ بڑھتی ہوئی کورونا وائرس کی صورت حال سے نمٹنے کے لیے دہلی کے تمام سرکاری اسپتال اور کچھ نجی اسپتال دارالحکومت کے رہائشیوں کے لیے مختص کیے جائیں گے۔ دریں اثنا پانچ رکنی ریاستی حکومت کے پینل نے کہا کہ دارالحکومت میں جون کے آخر تک کورونا وائرس کے ایک لاکھ سے زیادہ معاملات ہوں گے۔
- کلکتہ ہائی کورٹ نے مرکز اور مغربی بنگال حکومت سے ان الزامات کے بارے میں علاحدہ رپورٹس پیش کرنے کو کہا ہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ پر قابو پانے کے لیے ضروری اقدامات کیے بغیر ریاست میں لاک ڈاؤن کی پابندیوں کو کم کیا جا رہا ہے۔
- اترپردیش پولیس نے ہفتہ کے روز سہارنپور ضلع میں چھ مختلف مقدمات میں گرفتار تبلیغی جماعت کے 83 ممبروں کے خلاف الزام عائد کیا۔ جس میں ان پر الزام لگایا ہے کہ وہ کورونا وائرس پھیلا رہے تھے۔
- عالمی سطح پر کورونا وائرس نے اب تک 69.27 لاکھ سے زیادہ افراد کو متاثر کیا ہے اور اب تک چار لاکھ سے زیادہ جانیں لی ہیں۔ وہیں 31.06 لاکھ افراد صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔