مختار انصاری اور بیٹے عباس انصاری پر ای ڈی کی کارروائی ، اثاثے ضط
نئی دہلی15ا کتوبر :۔
انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے ہفتے کے روز کہا کہ اس نے منی لانڈرنگ کی تحقیقات کے سلسلے میں مختار انصاری اور ان کے بیٹے عباس انصاری کے 73.43 لاکھ روپے کے اثاثے ضبط کر لیے ہیں۔
ای ڈی نے ایک بیان میں کہا کہ اس نے عباس کے اثاثے ضبط کر لئے ہیں، جس میں اراضی نمبر 604، موضع راجدیہ پور دیہات، تحصیل صدر، غازی پور میں واقع 1538 مربع فٹ زمین اور اس پر تعمیر کی گئی تجارتی عمارت، اراضی نمبر 169، موضع جہانگیر آباد، پرگنہ اور تحصیل صدر، ضلع مؤ میں واقع 6020 مربع فٹ اراضی شامل ہے۔
ای ڈی نے الزام لگایا کہ عباس نے یہ اثاثے 6.23 کروڑ روپے کے سرکاری نرخ کے مقابلے 71.94 لاکھ روپے کی کم قیمت پر حاصل کئے تھے۔ ای ڈی نے یہ بھی کہا کہ اس نے منی لانڈرنگ کی روک تھام ایکٹ (پی ایم ایل اے) 2002 کی دفعات کے تحت مختار کے بینک اکاؤنٹ میں بقایہ کے طور پر 1.5 لاکھ روپے ضبط کیے ہیں۔
ای ڈی کا معاملہ اتر پردیش پولیس کی جانب سے مختار اور اس کے ساتھیوں کے خلاف درج متعدد ایف آئی آر پر مبنی ہے۔ ای ڈی نے کہا کہ مختار اور اس کے خاندان کے افراد نے سرکاری زمین پر قبضہ کیا اور اس پر گودام بنایا۔ ای ڈی نے کہا، "گودام کو فوڈ کارپوریشن آف انڈیا لمیٹڈ نے کرایہ پر لیا تھا اور کرایہ مختار کے خاندان کے افراد کو ادا کیا گیا تھا۔‘‘