’محمد صاحب (صلی اللہ علیہ وسلم) مریاداپرشوتم تھے ‘
جنم اشٹمی کے پروگرام میں بہار کے وزیر تعلیم چندر شیکھر کا بیان ، بی جے پی نے شری رام اور شری کرشن کی توہین قرار دیا
پٹنہ،نئی دہلی،09ستمبر :۔
بہار کے وزیر تعلیم چندر شیکھر کا پیغمبر اسلام کے تعلق سے دیا گیا بیان سرخیوں میں ہے ۔تفصیلات کے مطابق وزیر تعلیم نے جنم اشٹمی کے ایک پروگرام میں پیغمبر اسلام کی تعریف میں کہا کہ محمد صاحب(صلی اللہ علیہ وسلم) ایک ’مریادا پروشوتم ‘ تھے۔واضح رہے کہ سنسکرت کا یہ جملہ عام طور پر شری رام چندر کے لئے بولا جاتا ہے جس کا مطلب مریادا یعنی عزت اور راستبازی ،اور پروشوتم یعنی عظیم انسان ہے ۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق شری کرشن جنم اشٹمی کے موقع پر بابا ابھے ناتھ دھام کے احاطے میں نالندہ کے ہلسا سب ڈویژن میں ایک اجتماع سے وزیر تعلیم خطاب کر رہے تھے ۔ اس دوران انہوں نے کہا کہ : "دنیا میں برائی بڑھتی جا رہی تھی، ایمانداری ختم ہو رہی تھی، دھوکے بازوں اور بدکرداروں کی تعداد بڑھ گئی تھی… ایمانداری لانے کے لیے وسطی ایشیا کے علاقے میں، خدا نے مریادا پرشوتم محمد صاحب (صلی اللہ علیہ وسلم )کو زمین پر بھیجا تھا۔”
انہوں نے مزید کہا کہ "مریادا پرشوتم شری رام ذات پات کے ڈھانچے سے خوش نہیں تھے۔چنانچہ انہوں نے ماتا شبری کے بیر کا ایک جوٹھا لیا اور یہ پیغام دینے کے لیے کھایا کہ ذات پات سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ میں تکلیف کے ساتھ کہہ رہا ہوں کہ ہم اس طرز عمل کی توثیق نہیں کر رہے ہیں جو بھگوان رام نے دکھایا ہے۔
پروگرام کے دوران ریاست کے فن اور ثقافت کے وزیر جتیندر رائے، وزیر محنت وسائل سریندر رام، سائنس اور اطلاعات کے وزیر محمد اسرائیل منصوری، ہلسا کے سابق ایم ایل اے اور پارٹی کے ترجمان شکتی سنگھ یادو اور سابق ایم ایل اے چندر شیکھر پرساد بھی موجود تھے۔
وزیر تعلیم کے اس بیان پر بی جے پی نے شدید رد عمل کا اظہار کیا ہے ۔چندر شیکھر کے اس بیان کو بی جے پی کے لیڈر نے شری رام اور شری کرشن کی توہین سے تعبیر کیا ہے ۔ بی جے پی او بی سی مورچہ کے قومی جنرل سکریٹری نکھل آنند نے کہا کہ چندر شیکھر نے جنم اشٹمی پروگرام کے دوران بھگوان کرشن کے تقدس کو مجروح کرنے کی کوشش کی ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ۔ان دنوں، اپوزیشن اتحاد نے ملک بھر میں ایک مہم شروع کر رکھی ہے کہ کس طرح ہندو سناتن دھرم کی توہین کی جائے اور اسلام اور پاکستان کے حامیوں کی تعمیر کر کے اپنے ووٹ بینک کو مطمئن کیا جائے۔ بھگوان شری کرشن کے وجود پر سوال اٹھا کر چندر شیکھر نے ہندو سناتن دھرم کے ساتھ ساتھ یادو برادری کی بھی توہین کی ہے۔