محب اردو کے طور پر معروف شخصیت راموجی راؤ  کا 87 سال کی عمر میں انتقال

نئی دہلی ،08 جون :۔

صحافت کی دنیا کی معروف شخصیت اور خاص طور پر اردو صحافت کی دنیا میں محبت اردو کے طور پر معروف ایناڈو اور راموجی راؤ فلم سٹی کے بانی راموجی راؤ کا آج صبح تلنگانہ کے حیدر آباد میں انتقال ہو گیا۔ مشہور میڈیا شخصیت اور دنیائے تفریح کے معروف نام راموجی راؤ کا حیدر آباد کے اسٹار ہاسپیٹل میں علاج کے دوران انتقال ہوا۔ انھوں نے 87 سال کی عمر میں ہفتہ کی صبح 3.45 بجے آخری سانس لی۔ راموجی راؤ کے انتقال کی خبر پھیلتے ہی دنیائے تفریح اور صحافت میں غم کی لہر دوڑ گئی ۔راموجی راؤ کی آخری رسومات سرکاری اعزاز کے ساتھ اتوار (9 جون) کو صبح نو سے گیارہ بجے ادا کی جائے گی۔

معزز راموجی راؤ راموجی گروپ اور ایناڈو گروپ آف کمپنیز کے چیئرمین تھے۔ راموجی راؤ کو صحافت کی دنیا میں ایک اعلیٰ مقام حاصل ہے۔ راموجی راؤ کو علاقائی زبانوں میں نیوز اور انٹرٹینمنٹ ٹیلی ویژن چینل شروع کرنے والے پہلی شخصیت کے طور پر جانا جاتا ہے۔ راموجی راؤ کو اردو کے خیرخواہوں میں ایک اعلیٰ مقام حاصل ہے۔ راموجی راؤ نے سب سے پہلے اردو کا سٹیلائٹ چینل ای ٹی وی اردو شروع کیا تھا۔ اردو طبقہ راموجی راؤ کو محب اردو مانتا ہے۔