متھرا شاہی عید گاہ :الہ آباد ہائی کورٹ سے ہندو فریق کو جھٹکا، شاہی عیدگاہ کا سائنسی ٹیسٹ کرانے کا مطالبہ خارج
نئی دہلی ،14جولائی :۔
متھراشاہی عیدگاہ کیس میں الہ آباد ہائی کورٹ سے ہندو فریقوں کو شدید جھٹکا لگا ہے وہیں مسلم فریق کو بڑی راحت ملی ہے ۔ہائی کورٹ نے شری کرشنا جنم بھومی مکتی نرمان ٹرسٹ کی طرف سے دائر ایک رٹ پٹیشن کو خارج کر دیا ہے۔ اس درخواست میں شاہی عیدگاہ کی سائنسی جانچ کرانے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔
اس عرضی پر مسجد کی انتظامی کمیٹی اور اتر پردیش سنی سنٹرل وقف بورڈ نے اعتراضات داخل کیے تھے۔
جس کے بعد جسٹس جینت بنرجی نے درخواست گزار سریش کمار موریہ اور اتر پردیش سنی سنٹرل وقف بورڈ کے وکیل پنیت کمار گپتا کے وکیل کی سماعت کے بعد شری کرشنا جنم بھومی مکتی نرمان ٹرسٹ کے صدر آشوتوش پانڈے کی رٹ پٹیشن کو خارج کر دیا۔
اس معاملے پر مسلم فریقوں کا کہنا ہے کہ یہ کیس پلیس آف ورشپ ایکٹ 1991 کے خلاف ہے، جس کے تحت کہا گیا ہے کہ 15 اگست 1947 کو موجود کسی بھی مذہبی مقام کو تبدیل نہیں کیا جائے گا۔