مالیگاؤں دھماکے: سپریم کورٹ پرگیہ سنگھ ٹھاکر کی ضمانت کے خلاف عرضی پر سماعت کے لیے تیار
نئی دہلی، نومبر 30— سپریم کورٹ نے جمعہ کے روز کہا کہ وہ بمبئی ہائی کورٹ کے ذریعے اپریل 2017 میں مالیگاؤں دھماکوں کی ملزم پرگیہ سنگھ ٹھاکر کی ضمانت منظور کرنے کے حکم کو چیلنج کرنے والی 2008 مالیگاؤں دھماکے سے متاثرہ افراد کی عرضی پر دو ہفتوں کے بعد سماعت کرے گی۔ .
پرگیہ سنگھ 29 ستمبر 2008 کے دو دھماکوں میں اپنے مبینہ کردار کی وجہ سے مقدمے کا سامنا کررہی ہیں جس میں سات افراد ہلاک اور 80 کے قریب زخمی ہوگئے تھے، لیکن بی جے پی نے اس سال مئی میں اسے بھوپال سے اپنے لوک سبھا امیدوار کے طور پر کھڑا کیا تھا۔ جس نے کانگریس کے بڑے رہنما دگ وجے سنگھ کو شکست دے کر انتخاب میں جیت حاصل کی۔
جمعہ کے روز جسٹس اے ایم خان ولکر کی سربراہی میں ایک اعلی عدالتی بنچ نے دھماکے میں ہلاک ہونے والوں میں سے ایک کے والد کی طرف سے دائر درخواست کی سماعت دو ہفتوں کے بعد سننے پر اتفاق کیا۔
دھماکے سے متاثرہ افراد میں سے ایک کے والد، درخواست گزار نثار احمد حاجی سید بلال نے اپنی درخواست میں الزام لگایا ہے کہ ٹھاکر ایک ’’طاقت ور شخص‘‘ ہے اور وہ اس کیس میں گواہوں کو متاثر کرسکت ہے۔
واضح رہے کہ پرگیہ پچھلے تین دن سے مہاتما گاندھی کے قاتل ناتھورام گوڈسے کو محب وطن کہنے کو لے کر بھی خبروں میں ہے۔ بی جے پی نے اسے پارلیمنٹری مشاورتی کمیٹی برائے دفاع کے اس پینل سے بھی خارج کردیا، جہاں وہ گذشتہ ہفتے ہی ممبر کی حیثیت سے مقرر ہوئی تھی۔ جاری موسم سرما کے اجلاس کے لیے پارٹی نے اس پر اپنی پارلیمانی پارٹی کے اجلاسوں کے دروازے بھی بند کردیے ہیں۔