مالیگاؤں دھماکہ کیس میں ہائی کورٹ نے این آئی اے اورملزمین کو نوٹس جاری کیا

نئی دہلی ،19 ستمبر :۔
2008 مالیگاؤں بم دھماکہ معاملے میں گزشتہ ماہ سادھوی پرگیہ سمیت بری کئے گئے سات ملزمین کے معاملے میں بامبے ہائی کورٹ نے این آئی اے، مہاراشٹر حکومت اور دھماکہ کیس میں بری ہوئے ملزمین کو نوٹس جاری کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق بریت کو واپس لینے کی درخواست کی سماعت کرتے ہوئے چیف جسٹس چندر شیکھر اور جسٹس گوتم انکھڈ پر مشتمل بنچ نے این آئی اے اور مہاراشٹر حکومت سے چھ ہفتوں کے اندر جواب طلب کیا۔ بنچ نے بری کئے گئے افراد سے بھی جواب طلب کیا ہے جس میں سابق بی جے پی ایم پی سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر بھی شامل ہیں۔
دھماکے میں جان گنوانے والے چھ افراد کے اہل خانہ نے 31 جولائی کو عدالت میں ملزمان کی حمایت کا الزام لگاتے ہوئے بریت کو چیلنج کیا تھا۔یہ درخواست نثار احمد اور پانچ دیگر افراد کی جانب سے دائر کی گئی تھی جس میں فیصلے کو کالعدم کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔
اپیل کنندہ کے وکیل نے بدھ کو عدالت کو بتایا کہ چھ درخواست گزاروں میں سے صرف دو نے استغاثہ کے گواہ کے طور پر گواہی دی تھی۔یہ بیان منگل کو عدالت کے اس تبصرہ کے جواب میں سامنے آیا ہے کہ ٹرائل کورٹ کی بریت کے خلاف اپیل کا حق سب کے لیے ’’کھلا دروازہ‘‘ نہیں ہے، یہ تجویز کرتا ہے کہ صرف وہی لوگ اس طرح کی اپیل دائر کرنے کے اہل ہو سکتے ہیں جن سے استغاثہ کے گواہوں کے طور پر جرح ہوئی ہو۔