مالیگاؤں دھماکہ معاملہ:  پرگیہ ٹھاکر کو 20 مارچ تک پیشی کا حکم

نئی دہلی ،12 مارچ :۔

مالیگاؤں بم دھماکہ معاملے میں ملزم بی جے پی کی فائر برانڈ لیڈر اور ممبر پارلیمنٹ پرگیہ ٹھاکر کے خلاف  ممبئی کی ایک خصوصی این آئی کورٹ نے   ضمانتی وارنٹ جاری کر دیا ہے۔

خیال رہے کہ پرگیہ عدالت کے ذریعہ جسمانی طور پر پیشی کے حکم کے باوجود سماعت کے دوران حاضر نہیں ہوئی تھیں۔ ان کے وکیل نے طبی بنیاد پر جسمانی حاضری سے چھوٹ کی درخواست داخل کی تھی، لیکن عدالت نے اس عرضی کو خارج کر دیا اور ضمانتی وارنٹ جاری کیا جو 20 مارچ کو واپس کیا جا سکتا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ 29 ستمبر 2008 کو مہاراشٹر کے ناسک شہر واقع مالیگاؤں میں ایک موٹر سائیکل پر رکھے سامان میں دھماکہ ہونے سے چھ لوگوں کی موت ہو گئی تھی جبکہ 100 سے زائد افراد زخمی ہوئے تھے۔ اس معاملے میں سادھوی پرگیہ ٹھاکر کی کئی مرتبہ عدالت میں پیشی ہو چکی ہے۔ گزشتہ کئی سماعتوں میں انھیں جسمانی حاضری دینی تھی، لیکن وہ غیر حاضر رہیں۔ آج ہوئی سماعت میں اسپیشل جج نے پرگیہ ٹھاکر کے خلاف وارنٹ جاری کرتے ہوئے کہا کہ حاضری اور 10 ہزار روپے کی ادائیگی کرنے پر اسے رد کر دیا جائے گا۔ انھیں 20 مارچ 2024 سے قبل عدالت میں پیشی کا حکم دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ 20219 کے لوک سبھا الیکشن میں بی جےپی نے پرگیہ سنگھ ٹھاکر کو ٹکٹ دیا تھا جس پر بھوپال سیٹ سے ہو جیت کر رکن پارلیمنٹ بنی تھی ۔انہوں نے گزشتہ برسوں میں متعدد ایسے متنازعہ بیان دیئے ہیں جس کی وجہ سے خود وزیر اعظم کو بھی مداخلت کرنی پڑی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اس بات شاید بی جے پی نے ان کا ٹکٹ کاٹ دیا ہے۔