لکھنؤمیں بھی ایم پی جیسا دلدوز واقعہ ،مزدور کو جگانے کیلئے ساتھی نے  چہرے پر  کر دیاپیشاب  

نئی دہلی ،03 جون :۔

مدھیہ پردیش میں گزشتہ سال ایک دلدوز واقعہ پیش آیا تھا جس سے انسانیت شرمسار ہو  گئی تھی ۔ایک قبائلی  شخص کے چہرے پر ایک اونچی ذات کے شخص نے پیشاب کر دیا تھا ،اس کا ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوا تھا ،سیاسی گلیاروں میں بھی اس کی گونج سنائی دی تھی اب ایسا ہی ایک انسانیت سوز واقعہ اترپردیش کے دارالحکومت لکھنؤ میں سامنے آیا ہے۔جہاں  ایک مزدور دوپہر کا کھانا کھا کر سو گیا تو اسے جگانے کے لیے اس کے دوسرے ساتھی نے اس کے چہرے پر پیشاب کردیا۔ اس کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے۔ مزدور کے اہلِ خانہ نے پولیس میں اس کی شکایت درج کرائی ہے جس کے بعد پولیس نے ملزم کو گرفتار کر نے کی اطلاع دی ہے۔

رپورٹ کے مطابق جس شخص کے چہرے پر پیشاب کیا گیا ہے اس کا نام راج کمار راوت ہے اور وہ مزدوری کا کام کرتا ہے۔ دوپہر میں وہ کھانا کھاکر اور کام سے تھک کر سو رہا تھا۔ الزام ہے کہ اسے جگانے کے لیے ملزم سنجے موریہ نے اس کے چہرے پر پیشاب کر دیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ دونوں آپس میں ساتھی مزدور ہیں ۔اس پورے معاملے کی پولیس سے شکایت کی گئی ہے جس کے بعد پولیس نے ملزم کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ معلومات کے مطابق متاثرہ راج کمار راوت اپنے خاندان کے ساتھ دوبگّہ تھانہ علاقہ کے چندیہ کھیڑا کے پاس رہتا ہے اور محنت مزدوری کے ذریعے اپنے خاندان کی کفالت کرتا ہے۔ وہ دن میں گِٹّی اٹھاتا ہے۔

یہ واردات گزشتہ روز اتوار کو ہوئی ہے وہ دوپہر کو کھانا کھانے کے بعد سو رہا تھا۔ سنجے موریہ نامی شخص نے اسے جگانے کے لیے نہ صرف اس کے چہرے پر پیشاب کیا بلکہ اس کا ویڈیو بھی بناکر دوسرے لوگوں کو فارورڈ کیا۔

ڈی سی پی (ویسٹ زون) درگیش کمار کے مطابق اس معاملے کی اطلاع ملی ہے اور اس کی ویڈیو کی بنیاد پر متاثرہ کے اہل خانہ نے شکایت درج کرائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ معا  ملے کی تفتیش کی جائے گی جس کے بعد ملزم کو گرفتار کیا جائے گا (پولیس کے مطابق گرفتار کر لیا گیا ہے)۔