لوک سبھا الیکشن ختم ,نتیجہ آنے سے پہلے ہی عوام کو مہنگائی کا دہرا جھٹکا
امول اور مدر ڈیری نے دودھ دو روپے فی لیٹر مہنگا کیاتوٹول ٹیکس میں پانچ فیصد اضافہ کا اعلان
نئی دہلی ،03 جون :۔
لوک سبھا الیکشن 2024 کاابھی اختتام ہوا ہے اور نتیجہ ابھی سامنے نہیں آیا ہے۔آئندہ کس کی حکومت بنے گی اور کون جیتے گا اس کی قیاس آرائیوں کا دور جاری ہے،حتمی نتیجہ 4 جون کو سامنے آئے گا مگر اس سے قبل مہنگائی اور بے روزگاری سے پریشان عوام کو مزید مہنگائی کا تحفہ دے دیا گیا ہے۔ اس کا آغاز ہر ایک کے استعمال میں آنے والی چیز یعنی دودھ سے ہوا ہے-ملک بھر میں امول اور مدر ڈیری دودھ کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا گیاہے۔ گجرات کوآپریٹو دودھ مارکیٹنگ فیڈریشن نے امول دودھ کی قیمت میں دو روپے فی لیٹر اضافہ کیا ہے۔جبکہ مدر ڈیری نے بھی فی لیٹر دو روپے کے اضافے کا اعلان کیا ہے
یہی نہیں دوسری طرف ووٹنگ ختم ہوتے ہی ملک کے عوام کو ٹول ٹیکس کا بڑا جھٹکا بھی لگا ہے۔ ملک بھر میں ٹول ٹیکس میں 5 فیصد اضافہ کر دیا گیا ہے۔ نئی فیس کا اطلاق آج یعنی 3 جون سے ہوگا۔ نیشنل ہائی وے اتھارٹی آف انڈیا نے کہا کہ اسے پہلے لاگو کیا جانا تھا لیکن انتخابات کے پیش نظر اسے ملتوی کر دیا گیا تھا گاڑی مالکان کو کو آج سے ہی تمام ٹول پلازوں پر 5 فیصد زیادہ ٹول ٹیکس ادا کرنا ہوگا۔ معلومات کے مطابق، ہائی وے یوزر فیس کو سالانہ نظرثانی کے تحت پہلے (یکم اپریل) سے لاگو کیا جانا تھا، لیکن لوک سبھا انتخابات کی وجہ سے یہ اضافہ ملتوی کر دیا گیاتھا۔
رپورٹ کے مطابق این ایچ اے آئی کے ایک سینئر افسر نے بتایا کہ نئی شرحیں 3 جون 2024 سے لاگو ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ ٹول فیس پر نظر ثانی کرنا ایک سالانہ مشق کا حصہ ہے، جو تھوک قیمت کے اشاریہ کی بنیاد پر مہنگائی میں ہونے والی تبدیلیوں سے منسلک ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل ہائی وے نیٹ ورک پر تقریباً 855 یوزر فیس پر مبنی پلازے ہیں جن پر نیشنل ہائی وے فیس رولز 2008 کے مطابق یوزر فیس وصول کی جاتی ہے۔ ان میں سے تقریباً 675 کو عوامی طور پر مالی اعانت فراہم کی جاتی ہے اور 180 مراعات یافتہ افراد کے ذریعے چلائی جاتی ہیں۔
جہاں تک دودھ کا تعلق ہے امول گولڈ دودھ میں دو روپے فی لیٹر اضافے کے علاوہ امول شکتی اور ٹی اسپیشل کی قیمتوں میں بھی دو روپے فی لیٹر کا اضافہ ہوا ہے۔ دودھ کی قیمتوں میں یہ اضافہ آج سے نافذ العمل ہوگا۔دہلی میں قیمتوں میں اضافے کے بعد صارفین کو امول گولڈ کے لیے 66 روپے کے بجائے 68 روپے ادا کرنے ہوں گے، جب کہ آدھے لیٹر امول گولڈ کی قیمت 34 روپے ہو گی۔اسی طرح مدر ڈیری نے بھی دو روپے فی لیٹر کا اضافہ کیا ہے۔مدر ڈیری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بازار میں ملنے والے سیال دودھ کی قیمت میں تین جون سے دو روپے فی لیٹر کا اضافہ کیا جا رہا ہے۔
امول آدھا لیٹر کی قیمت 26 روپے سے بڑھ کر 27 روپے ہو گئی ہے۔ امول شکتی آدھا لیٹر کی قیمت 29 روپے سے بڑھا کر 30 روپے کر دی گئی ہے۔ امول تازہ ساشے کو چھوڑ کر سبھی کی قیمتوں میں 2 روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے۔جبکہ امول گائے کے دودھ کے لیے صارفین کو 56 روپے فی لیٹر ادا کرنا ہوں گے۔