لونی کے بی جے پی ایم ایل اے نندا کشور گرجر کا عید الاضحیٰ سےقبل  مسلم گوشت کاروباریوں کو دھمکی

انتظامیہ کو خط لکھ کر علاقے میں گوشت کے ذبیحہ پر پابندی لگانے کی اپیل کی ،علاقائی مسلمانوں میں خوف

نئی دہلی،02 جون :۔

اتر پردیش کے غازی آباد  سے بی جے پی ایم ایل اے نندا کشور گرجر نے ایک بار پھر مسلمانوں کو دھمکی دی ہے ۔معاملہ کچھ دن قبل کا ہے جب ممبر اسمبلی علاقے کا دورہ کر رہے تھے اس دوران انہوں نے مسلم گوشت دکانداروں کو دھمکی دی ۔اس واقعہ کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے ۔نند کشور گرجر نے پولیس کی موجودہ میں گوشت دکانداروں کو دھمکی دی جس سے علاقے میں خوف  وہراس کا ماحول ہے ۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں، گرجر کو ایک دکان کے قریب مرغی کا پنجرا دیکھنے کے بعد غصے سے یہ کہتے ہوئے سنا گیا ہے، "اگر وہ بھاگے تو اسے گولی مار دو۔ اس دوران انہوں نے ایک دکاندار کو زبردستی پولیس کے حوالے  کر دیا۔اس واقعے پر بڑے پیمانے پر تنقید ہوئی ہے۔مقامی ایم ایل اے کی اس حرکت سے   مقامی مسلم کمیونٹی میں خوف   ہے، خاص طور پر جب  مسلمانوں عید قرباں کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل  ایک خط میں، انہوں نے غازی آباد کے ضلع کمشنر کو لکھا تھا، جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ ان کی پارٹی کے کارکنوں نے ہنڈن ہوائی اڈے کے قریب واقع علاقے لونی میں بڑے پیمانے پر گوشت کے ذبح ہونے کی اطلاع دی تھی۔ خط میں انہوں نے کہا ہے کہ چونکہ ہنڈن ہوائی اڈہ لونی کے قریب ہے، اور گوشت کا ذبیحہ پرندوں کو اپنی طرف متوجہ کر سکتا ہے، جو ہوائی جہاز کے حادثے کا سبب بن سکتا ہے۔ایئر انڈیا کے طیارے کے حادثے کی مثال دیتے ہوئے. انہوں نے خبردار کیا کہ یہ ہندوستانی فضائیہ کےلیے خطرہ ہے۔

کشور نے اپنے خط میں کہا، ’’کچھ لوگ اس دوران ماحول کو خراب کرنے کے لیے گائے کو ذبح بھی کرتے ہیں۔اس دوران انہوں نے عید الاضحٰی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ  بکرہ ذبح کرنے کے بجائے مسلمانوں کو بکری کی شکل میں کیک کاٹنا چاہیے۔

ان کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ لونی میونسپلٹی کے ایگزیکٹیو آفیسر ڈی کے رائے کے ذریعہ کرائے گئے سروے کے مطابق، لونی کا علاقہ فضائیہ کے آرڈیننس کے تحت آتا ہے، جس میں اس علاقے میں ذبح کرنے، بیچنے، ہڈیاں جمع کرنے اور گوشت کی دکانیں چلانے پر پابندی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس آرڈیننس کی خلاف ورزی غداری کے مترادف ہے۔

انہوں نے خط میں مزید لکھا کہ "ہمارے کارکن ڈرون کے ذریعے علاقے پر بھی نظر رکھیں گے۔ میری گزارش ہے کہ عید منانے والے تمام بھائیوں سے کیک پر بکرے کی تصویر لگائیں اور اسے کاٹیں، ایسا پہلے بھی ہو چکا ہے۔ اس طرح آپ ماحول دوست عید منا سکتے ہیں۔

دریں اثنا سماج وادی پارٹی کے ترجمان بھانو بھاسکر جوشی نے کہا کہ ایم ایل اے کے الفاظ ناقابل قبول اور اشتعال انگیز ہیں۔ "انہوں نے کہا کہ اگر دکاندار بھاگ جائے تو اسے گولی مار دینی   چاہئے۔ کون سا قانون اس طرح کی کارروائی کی اجازت دیتا ہے؟ یہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے اور بی جے پی کی عدم رواداری کی عکاسی ہے۔