لداخ کے معروف  موسمیاتی اور سماجی کارکن سونم وانگچوک پھر حراست میں لئے گئے

 لداخ کے حق کامطالبہ کرتے ہوئے دہلی میں لداخ بھون میں بھوک ہڑتال پر بیٹھے تھے

نئی دہلی ،13 اکتوبر :۔

لداخ کے معروف ماحولیاتی اور سماجی کارکن پھر ایک بار حراست میں لے لئے گئے ہیں ۔دہلی پولیس نے اتوار کو راجدھانی کے لداخ بھون کے باہر بھوک ہڑتال پر بیٹھے موسمیاتی کارکن  اور دیگر 20 مظاہرین کو حراست میں لے لیا۔ پولیس کے مطابق وانگچوک اور ان کے ساتھ بھوک ہڑتال کر رہے قریب 20 سے 25 مظاہرین کو حراست میں لیا گیا اور انہیں مندر مارگ تھانہ لے جایا گیا۔

موقع پر کثیر تعداد میں پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ دوسری طرف کچھ مظاہرین نے اس بات کی دلیل دی کہ وہ پر امن طریقے سے بیٹھے تھے اور کوئی ہنگامہ آرائی نہیں کی جا رہی تھی۔  رپورٹ کے مطابق ایک سینئر پولیس افسر نے کہا کہ مظاہرین کو لداخ بھون کے بایر بیٹھنے کی اجازت نہیں ہے۔ انہوں نے جنتر منتر کے لئے عرضی دی ہے۔ ان کی عرضی پر غور کیا جا رہا ہے۔ افسر نے کہا کہ انہیں جلد ہی رہا کر دیا جائے گا۔

وانگچوک لداخ کو آئین کے چھٹے شیڈول میں شامل کرنے کے مطالبہ کو لیکر اپنے حامیوں کے ساتھ لیہ سے پیدل چل کر دہلی آئے ہیں۔ انہیں دہلی پولیس نے 30 ستمبر کو راجدھانی کے سندھو بارڈر پر حراست میں لے لیا تھا اور 2 اکتوبر کی رات کو رہا کیا تھا۔   حراست میں لئے جانے اور ہڑتال سے روکنے پر وانچگوک نے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے مایوسی کا اظہار کیا تھا اور کہا تھا کہ اب گاندھی کے ملک میں اپنے حق کے لئے ہڑتال اور احتجاج سے روکا جائےگا۔