لبنان میں پیجرز کے بعد حزب اللہ کے واکی ٹاکی میں بھی دھماکے، 20 کی موت،چارسو سے زائد زخمی
بیروت،19 ستمبر :۔
خطے میں اسرائیل کی سفاکیت کا سلسلہ جاری ہے۔ غزہ میں تباہی کے بعد اب لبنان میں حزب اللہ کے خلاف دہشت گردانہ حملہ مختلف انداز سے کر رہا ہے۔گزشتہ کل پیجرز میں دھماکے بعد اب واکی ٹاکیز میں بھی دھماکہ کیا ہے۔رپورٹ کے مطابق پیچرز میں دھماکوں میں جاں بحق ہونے والوں کی نماز جنازہ میں شریک لوگوں کی واکی ٹاکیز دھماکے سے پھٹ گئے جس کے نتیجے میں 20 افراد ہلاک اور 450 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق لبنان کا دارالحکومت بیروت ایک بار پھر متعدد دھماکوں سے گونج اُٹھا۔ یہ دھماکے گھروں، کاروں اور نماز جنازہ کے مقام پر پہ در پہ ہوئے۔دھماکے اپنے ساتھیوں کی نماز جنازہ میں شریک حزب اللہ کے کارکنان کے زیر استعمال واکی ٹاکیز میں ہوئے۔ علاوہ ازیں کئی گھروں میں بھی دھماکے ہوئے۔ان دھماکوں کے نتیجے میں متعدد گھروں اور گاڑیوں میں آگ لگ گئی اور 450 سے زائد افراد زخمی ہوگئے جب کہ اب تک 20 افراد شہید ہوئے۔
درجنوں زخمیوں کی حالت نازک ہونے کے سبب ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔ اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔ لبنان کی حکومت اور حزب اللہ نے واکی ٹاکیز دھماکوں کی ذمہ داری بھی اسرائیل پر عائد کی ہے تاہم اسرائیل کی جانب سے اس کی تردید یا تصدیق نہیں کی گئی۔
واضح رہے کہ گزشتہ شب لبنان میں حزب اللہ کے رہنماؤں اور کارکنان کے زیر استعمال 3 ہزار سے زائد پیجرز یکے بعد دیگرے دھماکوں سے پھٹ گئے جس میں 13 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔