لاک ڈاؤن: مہاراشٹر حکومت نے مکان مالکان سے تین مہینے تک کرایے کی وصولی ملتوی کرنے کو کہا

نئی دہلی، اپریل 17: مہاراشٹر حکومت نے مکان مالکان کو ہدایت کی ہے کہ اگر کرایہ دار کورونا وائرس کے پھیلاؤ سے نمٹنے کے لیے جاری ملک گیر لاک ڈاؤن کی وجہ سے کرایہ ادا نہیں کرسکتے تو وہ اپنے کرایہ داروں کے خلاف کارروائی نہ کریں۔

مہاراشٹر ہاؤسنگ ڈپارٹمنٹ کے ایڈیشنل چیف سکریٹری سنجے کمار کے ذریعہ جاری کردہ ایک سرکلر میں مکان مالکان سے کہا گیا ہے کہ وہ کم سے کم تین ماہ کے لیے کرایوں کی وصولی ملتوی کریں اور انھیں اس عرصے میں کرایہ داروں کو بے دخل نہ کرنے کی ہدایت بھی کی جائے۔

مہاراشٹر کوویڈ 19 سے سب سے زیادہ متاثرہ ہندوستانی ریاست ہے۔ آج صبح تک ریاست میں کل 3،205 مریض تھے۔ ان میں سے 300 افراد صحت یاب ہوئے ہیں اور 194 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

سرکلر میں کہا گیا ہے کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے لوگوں کا روزگار اور آمدنی متاثر ہوئی ہے، کیوں کہ بازاروں اور فیکٹریوں میں کوئی مالی لین دین نہیں ہوا۔

پی ٹی آئی کے مطابق سرکلر میں کہا گیا ہے کہ ’’متعدد افراد کو سخت مالی حالات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ بڑی تعداد میں لوگ اپنے باقاعدہ کرایے ادا کرنے کے قابل نہیں ہیں۔ لہذا کرایہ کی وصولی کم از کم تین ماہ کے لیے ملتوی کردی جانی چاہیے اور کرایہ کی عدم ادائیگی کی وجہ سے کسی کرایہ دار کو نہیں نکالا جانا چاہیے۔‘‘