لاک ڈاؤن: مرکز نے لاک ڈاؤن کو 31 مئی تک بڑھایا، ریاستوں کو اپنے مطابق سرخ، اورینج اور گرین زون کے تعین کی اجازت
نئی دہلی، مئی 17: مرکزی حکومت نے ریاستوں کو 31 مئی تک لاک ڈاؤن جاری رکھنے کی ہدایت کی۔ واضح رہے کہ کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے 25 مارچ کو ملک گیر لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا تھا اور اس کے بعد سے اس میں تین بار توسیع کی گئی ہے، جس میں آج تازہ ترین توسیع کرتے ہوئے 31 مئی تک بڑھا دیا گیا ہے۔
اس سے پہلے ہی مہاراشٹر اور تمل ناڈو کی ریاستوں نے لاک ڈاؤن میں 31 مئی تک توسیع کا اعلان کیا تھا۔
Ministry of Home Affairs (MHA) issues guidelines on measures to be taken by Ministries/Departments of Government of India, State Governments/UT Governments & State/UT authorities for containment of COVID19. #LockDown4 will remain in effect till 31st May 2020. pic.twitter.com/10WnwnWfte
— ANI (@ANI) May 17, 2020
وزارت داخلہ نے لاک ڈاؤن کے چوتھے مرحلے کے لیے ہدایات جاری کرتے ہوئے اورنج اور گرین زون کے علاوہ ریڈ زون میں بھی بین ریاستی بسوں اور مسافروں کی گاڑیوں کی نقل و حرکت کی اجازت دی۔ تاہم یہ نرمی متعلقہ ریاست یا یونین ٹیرٹری کی اجازت سے مشروط ہوگی اور کنٹیمنٹ زون میں اس کی اجازت نہیں ہوگی۔
وزارت داخلہ کے ذریعے جاری کردہ رہنما خطوط کے مطابق ریاستوں کو اپنی سطح پر ریڈ، اورینج اور گرین زون کے تعین کی اجازت دی گئی ہے۔ 11 مئی کو متعدد ریاستوں کے وزرائے اعلی نے وزیر اعظم نریندر مودی سے ریاستوں کو ان کے زونز کی وضاحت کرنے کی اجازت دینے کا مطالبہ کیا تھا۔
تاہم مرکز نے ملک بھر میں دیگر غیر ضروری سرگرمیوں جیسے گھریلو اور بین الاقوامی ہوائی سفر (میڈیکل مقاصد کے علاوہ)، میٹرو ریل خدمات، اسکولوں، کالجوں، ہوٹلوں، ریستورانوں (ہوم ڈلیوری کے علاوہ)، سینیما ہالوں، شاپنگ مالز اور تفریح کے مقامات کے ساتھ ساتھ مذہبی، سماجی یا سیاسی اجتماعات پر پابندی میں توسیع کردی۔ رہنما خطوط کے مطابق عبادت گاہیں ابھی بھی بند رہیں گی۔
مرکزی وزارت داخلہ نے کہا کہ شام 7 بجے سے صبح 7 بجے تک کا نائٹ کرفیو برقرار رہے گا، جس میں افراد کو ضروری خدمات تک رسائی کے علاوہ گھروں سے باہر جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔
نئے رہنما خطوط کے مطابق کھیلوں کے اسٹیڈیموں کو دوبارہ کھولنے اور چلانے کی اجازت ہے، لیکن شائقین کے بغیر۔
Sports complexes and stadia will be permitted to open; however, spectators will not be allowed: Ministry of Home Affairs https://t.co/MUnbJkbAQM
— ANI (@ANI) May 17, 2020
دریں اثنا وزارت صحت کے مطابق ملک بھر میں اب تک کورونا وائرس کے 90،927 معاملات رپورٹ ہوئے ہیں، جن میں 2،872 اموات بھی شامل ہیں۔