لاک ڈاؤن: مرکزی حکومت نے خبردار کیا ہے کہ ضروری سامان کی منتقلی کرنے والی گاڑیوں کو روکا جانا قلت کا سبب بن سکتا ہے

نئی دہلی، اپریل 13: اتوار کے روز مرکز نے کہا ہے کہ ملک کے کچھ حصوں میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو کم کرنے کے لیے ملک بھر میں نافذ لاک ڈاؤن کے دوران استثنا کے بارے میں رہنما خطوط پر عمل نہیں کیا جارہا ہے۔ اس نے مزید کہا گیا ہے کہ ضروری سامان لے جانے والی گاڑیوں کو روکا جارہا ہے، جس کی وجہ سے سامان کی قلت پیدا ہوسکتی ہے۔

تمام ریاستوں اور مرکزی ریاستوں کے چیف سکریٹریوں کو لکھے گئے خط میں داخلہ سکریٹری اجے بھلا نے لکھا ’’ضروری اور غیر ضروری سامان لے جانے والے ٹرکوں کو حراست میں لیا جا رہا ہے اور ضروری سامانوں کی تیاری کے لیے درکار کارکنان اور دیگر مستثنیٰ افراد کو لاک ڈاؤن کے دوران ان کی نقل و حرکت کے لیے اجازت / پاس نہیں مل رہا ہے۔‘‘ انھوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن سے مستثنیٰ سرگرمیوں پر پابندی سے اشیائے ضروریہ کی قلت پیدا ہوسکتی ہے۔

اپنے خط میں داخلہ سکریٹری نے لاک ڈاؤن کے دوران حکومت کی جانب سے مستثنیٰ سرگرمیوں کو درج کیا۔

وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ ضروری سامان کی تیاری میں مصروف کارکنوں کو تیزی سے پاس جاری کرنا چاہیے۔

وزارت صحت و خاندانی بہبود کے مطابق ملک بھر میں کورونا وائرس کے معاملات کی تعداد 9،152 ہوگئی ہے۔ انتہائی متعدی کوویڈ 19 نے اب تک 300 سے زائد افراد کو ہلاک کیا ہے۔