لاک ڈاؤن: شملہ کی جامع مسجد میں پھنسے ہوئے ہیں 129 سے زائد کشمیری مزدور

سرینگر، اپریل 21— شملہ کی جامع مسجد میں 129 سے زیادہ کشمیری مزدور بغیر پیسے کے پھنسے ہوئے ہیں۔

پیر کے روز سی پی آئی (ایم) کے ایم ایل اے راکیش سنگلا کے دھرنے پر بیٹھنے کے بعد ہماچل پردیش حکومت حرکت میں آئی اور پچھلے 30 دنوں سے جامع مسجد میں پھنسے کشمیری مزدوروں کو راشن فراہم کیا۔

سنگلا نے فون پر بتایا ’’ہمارے کشمیر کے ساتھ پرانے تعلقات ہیں۔ ہم بھی سیب کی تجارت کر رہے ہیں۔ کشمیر میں بھی یہ پھل اگتا ہے۔ آرٹیکل 370 کے خاتمے کے بعد بہت سے لوگ کشمیر سے یہاں کام کے لیے آئے تھے۔ مجھے فون آیا کہ جامع مسجد میں لوگوں کو راشن نہیں مل رہا ہے۔ انتظامیہ نے کہا کہ وہ دے رہے ہیں، لیکن مزدوروں نے انکار کردیا۔ وہاں ایک جھگڑا ہوا تھا۔‘‘

قدامت پسند شخصیات نے انکشاف کیا ہے کہ ہماچل پردیش میں 1400 سے 1500 کشمیری کام کر رہے ہیں۔ بیشتر لوگ کُلی اور روزانہ مزدوری کا کام کر رہے ہیں۔

اننت ناگ ضلع کے کوکرناگ علاقے کے ایک مزدور بشیر احمد نے انڈیا ٹوموروکو فون پر بتایا ’’پچھلے 29 دنوں سے تقریباً 129 مزدور، جن میں زیادہ تر جنوبی کشمیر کے اننت ناگ اور کولگام اضلاع سے ہیں، شملہ میں جامع مسجد میں پھنسے ہوئے ہیں۔ ہم نے جو کچھ بھی کمایا، پچھلے 29 دنوں میں کھانے پر خرچ ہو گیا۔ یہاں تک کہ قرنطینہ بھی 14 دن کے لیے ہے، ہم نے 29 دن مکمل کر لیے ہیں۔‘‘

بشیر نے سنگلا کو فون کر کے انھیں جامع مسجد میں پھنسے لوگوں کی حالت زار سے آگاہ کیا تھا۔ بشیر نے کہا ’’کل سے ہمیں راشن دیا گیا ہے۔ اس میں چاول کی چار سے پانچ کٹس (تھیلیاں)، دو کٹا آٹا (گندم کا آٹا) اور لگ بھگ 20 سے 30 کلو دال شامل ہے۔ ہم پچھلے 29 دن سے مسجد کے دروازے سے باہر نہیں نکلے ہیں۔‘‘

بیشتر مزدور پیسے کی کمی کا شکار ہیں، کیوں کہ لاک ڈاؤن میں ان کی تمام بچت ختم ہوگئی ہے۔ ہم بحران کی اس گھڑی میں گھر جانا چاہتے ہیں اور اپنے اہل خانہ کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں۔ انتظامیہ کہہ رہی ہے کہ انھیں ہمیں نہ بھیجنے کا حکم ملا ہے۔

سنگلا نے کہا کہ تمام تارکین وطن مزدوروں کو مفت راشن دیا جائے۔ انھوں نے کہا کہ خواہ وہ بہار، جھارکھنڈ یا کشمیر سے ہوں، ہر مزدور کو مفت راشن دیا جانا چاہیے۔ ہماچل پردیش کے مختلف علاقوں میں 30،000 سے 40،000 تارکین وطن مزدور کام کر رہے ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ ان سب کو مفت راشن دیا جائے۔