لاک ڈاؤن: جماعت اسلامی ہند نے مختلف ریاستوں میں 23 کروڑ سے زیادہ کی مالیت کا کھانا اور راشن کٹس تقسیم کیں
نئی دہلی، یکم مئی: جماعت اسلامی ہند (جے آئی ایچ)، ہندوستانی مسلمانوں کی سب سے بڑی سماجی و مذہبی تنظیم، نے ایک بڑا راحتی کام انجام دیا ہے، جس میں پورے ملک میں 24 مارچ سے اب تک لاک ڈاؤن کے دوران غریب اور مسکین لوگوں میں 23 کروڑ کی مالیت کی خوراک، ادویات اور دیگر ضروری سامان کی تقسیم شامل ہے۔
جے آئی ایچ کے سکریٹری (برائے سماجی خدمت) محمد احمد نے کہا کہ امدادی کام انجام دیا گیا تھا اور یہ اب بھی ریاستی حکومتوں اور مقامی انتظامیہ کے ساتھ رابطہ کاری میں جاری ہے۔ مسٹر احمد نے کہا کہ جے آئی ایچ نے پورے ملک میں مختلف ریلوے اسٹیشنوں اور بس اسٹاپ پر پھنسے ہوئے لوگوں کی ایک بڑی تعداد کو پکا ہوا کھانا مہیا، کیا کیونکہ لاکھوں تارکین وطن اور روزانہ اجرت والے مزدوروں کو اپنے گھروں اور آبائی مقامات تک پہنچنے کے لیے ٹرانسپورٹ نہیں مل سکے۔
مسٹر احمد نے بتایا کہ کالونیوں میں ایک جامع سروے کے بعد یہ امدادی کام انجام دیا گیا ہے، تاکہ ان گھروں کی شناخت کی جاسکے جنھیں امداد کی اشد ضرورت ہے۔ انھوں نے کہا ’’تمام حفاظت اور حفظان صحت کے اقدامات پر عمل پیرا ہوکر جے آئی ایچ ٹیموں نے مذہب، ذات پات اور فرقے سے قطع نظر تمام لوگوں کو پکایا ہوا کھانا اور گروسری کٹس کی امداد دی ہے۔ اب تک 3 لاکھ سے زیادہ کنبوں کو پکا ہوا کھانا پیش کیا گیا ہے اور لاک ڈاؤن سے متاثرہ لوگوں میں 3،02705 راشن کٹس تقسیم کی گئی ہیں۔‘‘
پکے ہوئے کھانے اور راشن کٹس کے علاوہ جے آئی ایچ نے 51،000 چہرے کے ماسک، 6000 سینیٹائزر کی بوتلیں، ہینڈ واش بوتلیں، دستانے اور پینے کا پانی بھی یومیہ مزدوروں، تعمیراتی مزدوروں، گلی میں سامان بیچنے والوں، پھنسے ہوئے لوگوں، پسماند افراد سمیت ضرور مندوں میں تقسیم کیا۔
مسٹر احمد کے مطابق 20 اپریل تک جےآئی ایچ کے امدادی کاموں سے فائدہ اٹھانے والوں کی کل تعداد 7 لاکھ کے لگ بھگ تھی، ان میں 70 فیصد پسماندہ مزدور اور 30 فیصد مہاجر مزدور ہیں۔
جے آئی ایچ نے مالی مدد کے طور پر بھی 25 لاکھ روپے تقسیم کیے ہیں۔ جے آئی ایچ کے ذریعے اب تک کے پورے امدادی کاموں پر کل 23.73 کروڑ روپے خرچ ہوئے ہیں۔
جے آئی ایچ کے ذریعہ توسیع شدہ امدادی کاموں کے دوران دہلی کے جنوب مشرقی ضلع کے ڈپٹی کمشنر کو 500 ذاتی حفاظتی سازوسامان (پی پی ای) بھی سونپ دیے گئے ہیں۔ جے آئی ایچ نے طبی مقاصد کے لیے جہاں بھی ضرورت ہو، ایمبولینس خدمات بھی فراہم کی ہیں۔
مسٹر احمد نے کہا ’’ہمارے رضاکار امدادی سرگرمیاں انجام دینے کے واحد مقصد کے لیے جے آئی ایچ کے قائم کردہ دیگر ٹرسٹس اور تنظیموں کے ساتھ امدادی سرگرمیوں میں سرگرم عمل طور پر کام کر رہے ہیں۔‘‘
جے آئی ایچ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ امدادی کام مہاراشٹر، تلنگانہ، کرناٹک، اترپردیش، مغربی بنگال، مدھیہ پردیش، گجرات، راجستھان، بہار، دہلی، تمل ناڈو، جھارکھنڈ، گوا، اتراکھنڈ، آندھراپردیش، چھتیس گڑھ، پنجاب، آسام، انڈمان اور نکوبار، اوڈیشہ، ہریانہ اور منی پور میں انجام دیے گئے ہیں۔