لاؤڈ اسپیکر کے معاملے میں اب دہلی بھی اتر پردیش کی راہ پر
بغیر اجازت لاؤڈاسپیکر کے استعمال پر جرمانہ عائد کرنے کا فیصلہ

نئی دہلی ،17 اپریل :۔
اتر پردیش کے بعد اب دہلی میں بھی لاؤڈاسپیکر کے استعمال سے متعلق سخت ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ دہلی پولیس نے لاؤڈاسپیکر کے لیے نئے اصول جاری کیے ہیں، جس کے مطابق مذہبی مقامات سمیت سبھی جگہوں پر مقررہ ڈیسی بل (ڈی بی) حد پر عمل کرنا لازمی ہوگا۔ ساتھ ہی بغیر اجازت لاؤڈاسپیکر کا استعمال ممنوع قرار دیا گیا ہے، جس کی خلاف ورزی پر سخت جرمانہ لگایا جائے گا۔
نئے اصولوں میں صنعتی، رہائشی اور سائلٹ زون کے لیے الگ الگ صوتی حدیں مقرر کی گئی ہیں۔ ٹینٹ ہاؤس سے بھی لاؤڈاسپیکر لینے کے لیے پولیس کی اجازت لازمی ہوگی۔ پولیس کے ذریعہ جاری ہدایت میں بتایا گیا ہے کہ عوامی مقامات پر آواز کی سطح زیادہ سے زیادہ 10 ڈی بی (اے) تک ہی محدود ہوگی۔ ذاتی ملکیت والے صوتی سسٹم کی آواز مقررہ حد سے 5 ڈی بی (اے) سے زیادہ نہیں ہونی چاہیے۔ ہدایت میں انڈسٹریل ایریا میں صبح 6 بجے سے رات 10 بجے تک 75 ڈی بی آواز کی اجازت اور رات 10 بجے سے صبح 6 بجے تک 70 ڈی بی آواز کا پیمانہ طے کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ رہائشی علاقوں میں صبح 6 بجے سے رات 10 بجے تک 55 ڈی بی آواز کی اجازت ہوگی، اور رات 10 بجے سے صبح 6 بجے تک 45 ڈی بی آواز کی سطح مقرر کی گئی ہے۔ سائلنس زون میں صبح 6 بجے سے رات 10 بجے تک 50 ڈی بی آواز کی اجازت ہوگی، جبکہ رات 10 بجے سے صبح 6 بجے تک آواز کی حد 40 ڈی بی مقرر کی گئی ہے۔
دہلی پولیس کے ذریعہ جاری حکم میں کہا گیا ہے کہ سبھی ٹینٹ، لاؤڈاسپیکر اور جنریٹر فراہم کرنے والوں کو واضح ہدایت دی جاتی ہے کہ وہ مقامی پولیس کی تحریری اجازت کے بغیر صارفین کو سامان نہ دیں۔ ضلع ڈی سی پی کو یہ یقینی بنانا چاہیے کہ ایسے سامان مہیا کرانے والے سبھی اصولوں پر عمل کریں اور ایسا نہ کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کریں۔
دہلی پولیس نے اصول توڑنے والوں کے لیے جرمانہ بھی طے کیا ہے۔ لاؤڈاسپیکر پبلک ایڈریس سسٹم کے نامناسب استعمال پر 10 ہزار روپے کا جرمانہ اور سامانوں کی ضبطی ہوگی۔ ڈی جی سیٹس (جنریٹر سیٹس) پر حدِ اصول کے مطابق جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ 1000 کے وی اے سے زیادہ پر 100000 روپے، 1000-62.5 کے وی اے پر 25 ہزار روپے، 32.5 کے وی اے تک پر 10 ہزار روپے اور آواز پیدا کرنے والے سامانوں کے استعمال پر جرمانہ 50000 روپے اور سامانوں کی ضبطی یا سیلنگ ہوگی۔ پٹاخوں پر طے حد کے باہر پھوڑنے کی صورت میں کارروائی ہوگی، جبکہ مذہبی تقاریب، شادی یا ریلی میں احکام کی خلاف ورزی پر 10 ہزار روپے (رہائشی) اور 20 ہزار روپے (سائلنس زون) کا جرمانہ بھرنا ہوگا۔