قصوروار ثابت کرنے کیلئے پختہ شواہد کی بنیاد پر ہی گرفتاری کی جائے
دہلی ایکسائز گھوٹالہ معاملے میں کیجریوال کی گرفتارمی کو چیلنج کرنے والی عرضی کی سماعت کے دوران عدالت عظمٰی کی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کو ہدایت
نئی دہلی، 17 مئی :۔
دہلی ایکسائزگھوٹالہ معاملے میں گرفتاری کو چیلنج کرنے والی اروند کیجریوال کی عرضی کی سماعت کے دوران ای ڈی نے کہا کہ وہ آج ایک ضمنی چارج شیٹ داخل کرنے جا رہی ہے، جس میں عام آدمی پارٹی اور اروند کو ملزم بنایا جائے گا۔ اس پر سپریم کورٹ کے جسٹس سنجیو کھنہ نے کہا کہ آپ کے پاس ثبوت ہیں لیکن عام طور پر تفتیشی افسر کو کسی شخص کو اس وقت تک گرفتار نہیں کرنا چاہیے جب تک کہ اس کے پاس اتنا ثبوت نہ ہو کہ اسے مجرم ثابت کر سکے۔ یہی معیار ہونا چاہئے۔
سماعت کے دوران، عدالت نے ای ڈی کی طرف سے پیش ہونے والے اے ایس جی ایس وی راجو سے پوچھا کہ آپ کیس کے ملزم منیش سسودیا کو کیجریوال کیس سے کیسے الگ کرتے ہیں؟ راجو نے پھر گوا انتخابات کا حوالہ دیتے ہوئے منیش سسودیا کے کردار پر بحث کی، جس میں شراب کمپنیوں سے نقد رقم لی گئی اور گوا کے انتخابات میں خرچ کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس شواہد ہیں کہ رقم حوالہ کے ذریعے منتقل کی گئی۔ ہم سپلیمنٹری چارج شیٹ بھی داخل کر رہے ہیں۔ اس میں عام آدمی پارٹی اور اروند کیجریوال بھی ملزم ہیں۔
دراصل 10 مئی کو سپریم کورٹ نے اروند کیجریوال کو یکم جون تک عبوری ضمانت دی تھی اور انہیں 2 جون کو خودسپردگی کا حکم دیا تھا۔