فیس کے تنازع پرہندو تونواز گروپ کامسلم ٹیوٹر پرحملہ،تبدیلی مذہب کا لگایا جھوٹا الزام
دہلی کے شکور پور علاقے میں کوچنگ سینٹر چلانے والے ابرار کو وشو ہندو پریشد کے کارکنان نے بری طرح پیٹا
نئی دہلی،12 جولائی :۔
مسلمانوں کے خلاف ہندو سماج میں اس قدر نفرت پھیلا دی گئی ہے کہ آپسی تنازعہ کو بھی مسلم اور ہندو کا اینگل دے کر مسلمانوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔راجدھانی دہلی کے شکور پور میں ایک مسلم کوچنگ سینٹر چلانے والے ابرار نامی نوجوان کے ساتھ وشو ہندو پریشد اور دیگر ہندو گروپ کے لوگوں نے جم کر مار پیٹ کی ۔معاملہ والدین کے ساتھ فیس کے تنازعہ کا تھا مگر ہندو نواز گروپوں نے اسے مذہبی رنگ دے کر نفرت کو بڑھاوا دیا ۔
ایک ویڈیو بیان میں، ٹیوٹر ابرار کے بھائی عرفان نے اس پورے واقعہ کا ذکر کیا ہے اور پولیس کی جانب سے مایوسی کے بعد بھیم آرمی سے مدد مانگی۔
عرفان نے کہا کہ اس کا بھائی اس علاقے میں گزشتہ 12-13 سالوں سے جوائنٹ مینٹر آف ڈسپلن (جے ایم ڈی) کوچنگ سینٹر چلا رہا ہے۔ 4 جولائی کو والدین اور ابرار سے جھگڑا ہوا اور بعد میں فون پر گرما گرم بحث ہوئی۔عرفان نے کہا کہ اس فیس کے تنازعہ کے بعد "والدین ٹائیگر گروپ اور وشو ہندو پریشد کے لوگوں کو لائے اور ہمیں مارا پیٹا۔ میرے بڑے بھائی کو بے دردی سے مارا گیا۔ انہیں کچھ دنوں کے لیے آئی سی یو میں رکھا گیا تھا ۔اب یہ گروہ ہم بھائیوں کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔ "ہم نے پولیس میں شکایت درج کروائی ہے لیکن وہ توجہ نہیں دے رہے ہیں۔ وہ ہمیں مختلف لوگوں سے رجوع کرنے کے لیے کہہ رہے ہیں۔ انہوں نے ہمیں بھگا دیا۔ نہوں نے کہا کہ "ہم خوف میں جی رہے ہیں۔
دریں اثنا، 4 جولائی کو، ایک والدین منوج کمار سرجو، جن کے نابالغ بیٹے جے ایم ڈی کوچنگ سینٹر میں پڑھتے ہیں، نے ابرار، عرفان اور رضوان کے خلاف سبھاش پیلس کے قریبی پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی۔ شکایت میں، اس نے دعویٰ کیا کہ اس کے نابالغ بیٹوں کو قرآن پڑھنے اور کلمہ پڑھنے کو کہا گیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ اساتذہ نے ہندو دیوتاؤں کے خلاف تنقیدی تبصرہ بھی کیا۔
ان کی شکایت کے بعد، سبھاش پلیس پولیس نے 7 جولائی کو بھارتیہ نیا سنہتا (بی این ایس) کی دفعہ 299 اور 302 کے تحت ایف آئی آر (نمبر: 492/2024) درج کی۔
کوچنگ سینٹر سے متعلق ایک پوسٹر سے پتہ چلتا ہے کہ طلباء کو ریاضی، سائنس، انگریزی اور سماجی سائنس اور ہندی، آرٹس اور کامرس اسٹریم، اکاؤنٹس، اکنامکس، ریاضی، بزنس وغیرہ مضامین کی کوچنگ کرائی جاتی ہے۔ کوچنگ سنٹر میں اسلامی مضامین پڑھائے جانے کا کوئی ذکر نہیں ہے۔ اس کے علاوہ، اجے اور وکرم نامی غیر مسلم اساتذہ بھی وہاں پڑھاتے ہیں۔