فیس جمع نہ کر پانے کی وجہ سے آئی آئی ٹی دھنباد میں داخلہ سے محروم دلت طالب علم کو سپریم کورٹ سے راحت

سپریم کورٹ نے اپنے خصوصی اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے  دلت طالب علم کو داخلہ دینے کی ہدایت  جاری کی،کہا ایک ہونہار طالب علم کو ہم اس طرح نہیں چھوڑ سکتے

نئی دہلی،یکم اکتوبر :۔

سپریم کورٹ نے پیر کو آئین کے آرٹیکل 142 کے تحت اپنے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے آئی آئی ٹی دھنباد کو ایک دلت طالب علم کو داخلہ دینے کا حکم دیا جو فیس ادا کرنے میں ناکامی کی وجہ سے اپنی سیٹ کھو بیٹھا تھا۔

چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ، جسٹس جے بی پارڈی والا اور جسٹس منوج مشرا نے کہا، ’’ہم ایسے باصلاحیت نوجوان کو موقع دینے سے انکار نہیں کر سکتے  "اسےمنجدھار میں نہیں چھوڑا جا سکتا۔ مظفر نگر کے کھتولی علاقے کے تیتورا گاؤں کے رہنے والے درج فہرست ذات کے مزدور راجندر کمار کے بیٹے اتل نے جے ای ای کا امتحان دیا تھا جس میں اس کا رینک 1455 تھا اور اس کی بنیاد پر اسے آئی آئی ٹی دھنباد میں داخلہ ملنا تھا۔آئی آئی ٹی دھنباد میں داخلے کے لیے 24 جون کی شام 5 بجے تک فیس جمع کرانی تھی، لیکن طالب علم کے اہل خانہ 17,500 روپے کی فیس وقت پر جمع نہیں کرا سکے، جس کی وجہ سے وہ داخلہ نہیں لے سکا۔

 

چیف جسٹس نے کہا کہ اتل کمار کو اسی بیچ میں داخلہ دیا جائے اور کسی دوسرے طالب علم کی امیدواری کو متاثر کیے بغیر ان کے لیے اضافی نشست کا انتظام کیا جائے۔

سپریم کورٹ نے آئین کے آرٹیکل 142 کے تحت اپنے غیر معمولی اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے آئی آئی ٹی  کو ہدایت دی کہ وہ اتل کمار کو انسٹی ٹیوٹ کے الیکٹریکل انجینئرنگ  بی ٹیک کورس میں داخلہ لے۔

بنچ نے اپنے حکم میں کہا، ’’ہمارا خیال ہے کہ درخواست گزار جیسا ہونہار طالب علم، جس کا تعلق ایک پسماندہ گروپ سے ہے اور جس نے داخلہ حاصل کرنے کی ہر ممکن کوشش کی ہے، کو محروم نہیں کیا جانا چاہیے۔ "ہم ہدایت دیتے ہیں کہ امیدوار کوآئی آئی ٹی دھنباد میں  داخلہ دیا جائے اور اسے اسی بیچ میں رہنے دیا جائے جس میں اسے داخلہ دیا جاتا اگر وہ فیس ادا کر دیتا۔ واضح رہے کہ آئین کا آرٹیکل 142 سپریم کورٹ کو انصاف کے مفاد میں کوئی بھی حکم جاری کرنے کا حق دیتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق، آئی آئی ٹی دھنباد کی طرف سے پیش ہونے والے وکیل نے آج سماعت کے دوران کہا کہ نیشنل انفارمیٹکس سینٹر (این آئی سی) نے اتل کمار کو ایک ایس ایم ایس بھیجا تھا اور آئی آئی ٹی نے ادائیگی مکمل کرنے کے لیے دو واٹس ایپ پیغامات بھیجے تھے۔ آئی آئی ٹی کے وکیل نے کہا کہ وہ ہر روز لاگ ان ہوتا تھا لیکن فیس جمع نہیں ہوتی تھی۔

اس پر جسٹس پارڈی والا نے کہا کہ آپ اتنا احتجاج کیوں کر رہے ہیں؟ آپ کوئی راستہ کیوں نہیں ڈھونڈ رہے؟ سیٹ الاٹمنٹ کی معلوماتی سلپ سے پتہ چلتا ہے کہ آپ چاہتے تھے کہ وہ فیس ادا کرے اور اگر اس نے فیس ادا کی تو پھر کسی اور چیز کی ضرورت نہیں تھی۔چیف جسٹس چندر چوڑ نے کہا، ”وہ بہت ہونہار طالب علم ہے۔ اسے صرف 17,000 روپے روک رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ’’کسی بچے کو صرف اس لیے نہیں چھوڑ دینا چاہیے کہ اس کے پاس 17,000 روپے فیس نہیں ہے۔

اتل کمار (18) کے والدین 24 جون تک فیس کے طور پر 17,500 روپے جمع کرانے میں ناکام رہے، جو کہ مطلوبہ فیس جمع کرانے کی آخری تاریخ تھی۔ کمار کے والدین نے آئی آئی ٹی کی سیٹ بچانے کے لیے نیشنل شیڈیولڈ کاسٹ کمیشن، جھارکھنڈ لیگل سروسز اتھارٹی اور مدراس ہائی کورٹ سے بھی رجوع کیا تھا۔اتر پردیش کے مظفر نگر ضلع کے ٹیٹورا گاؤں کا رہنے والا کمار، یومیہ اجرت کرنے والے مزدور کا بیٹا ہے اور اس کا خاندان خط افلاس سے نیچے (بی پی ایل) زمرے سے تعلق رکھتا ہے۔

بشکریہ انڈیا ٹومارو