فوجی نقل و حرکت پر لائیو اپ ڈیٹس کے خلاف حکومت نے میڈیا کو خبردار کیا

نئی دہلی ،09 مئی :۔
ہندو پاک کے درمیان جاری کشیدگی اور حملوں کے درمیان حکومت ہند نے میڈیا چینلوں کیلئے ایک سخت ایڈوائزری جاری کی ہے جس میں ٹی وی چینلز، ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اور افراد سے کہا گیا ہے کہ وہ دفاعی کارروائیوں یا سیکورٹی فورسز کی نقل و حرکت کی لائیو یا ریئل ٹائم اپ ڈیٹس دکھانے سے پرہیز کریں۔
اطلاعات و نشریات کی وزارت نے ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے زور دیا کہ اس طرح کی کوریج جانوں کو خطرے میں ڈال سکتی ہے اور جاری مشن کو نقصان پہنچا سکتی ہے۔ایڈوائزری میں خبردار کیا گیا کہ "حساس معلومات کا قبل از وقت افشاء دشمن عناصر کی مدد کر سکتا ہے اور ہماری افواج کی حفاظت کو خطرے میں ڈال سکتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق وزارت نے کارگل جنگ، 26/11 ممبئی حملے، اور قندھار ہائی جیکنگ جیسی ماضی کی مثالوں کا حوالہ دیا، جہاں ریئل ٹائم رپورٹنگ نے قومی مفادات کو منفی طور پر متاثر کیا۔کیبل ٹی وی نیٹ ورک رولز، 2021 (شق 6(1)(p)) کے مطابق، میڈیا کو صرف سرکاری بریفنگ کے ذریعے انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں کی رپورٹنگ کرنے کی اجازت ہے جب تک کہ آپریشنز ختم نہ ہو جائیں۔ایڈوائزری میں کہا گیا کہ "کسی بھی پروگرام میں انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں کی لائیو کوریج نہیں دکھانی چاہیے۔ میڈیا کو کسی نامزد سرکاری اہلکار سے اپ ڈیٹ کا انتظار کرنا چاہیے۔
وزارت نے سوشل میڈیا صارفین سمیت ہر کسی پر زور دیا کہ وہ ذمہ داری سے کام کریں اور حساس فوجی معاملات کے بارے میں غیر تصدیق شدہ یا لائیو اپ ڈیٹس کا اشتراک نہ کریں۔حکومت نے کہا، "یہ صرف ایک قانونی فرض نہیں ہے بلکہ ایک اخلاقی فرض ہے – اپنی افواج اور قومی سلامتی کی حفاظت کرنا ان قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے چینلز کو کیبل ٹیلی ویژن نیٹ ورکس (ترمیمی) رولز، 2021 کے تحت قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔