فلسطین کے بعد بنگلہ دیش کی حمایت والا ہینڈ بیگ،پرینکا گاندھی کا بی جے پی کو جواب

 بنگلہ دیش کے ہندوؤں اور عیسائیوں کے ساتھ کھڑے ہوں‘ لکھا بیگ لے کر پارلیمنٹ پہنچیں پرینکا گاندھی،کل فلسطین لکھے بیگ پر بی جے پی نے ہنگامہ کھڑا کیا تھا

نئی دہلی ،17 دسمبر :۔

کانگریس جنرل سکریٹری اور وائناڈ سے نو منتخب رکن پارلیمنٹ پرینکا گاندھی ا ن دنوں ایوان میں چھائی ہوئی ہیں۔گزشتہ کل ان کا فلسطین لکھا ہینڈ بیگ سوشل میڈیا پر موضوع بحث بنا رہا ۔انہوں نےفلسطین کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے فلسطین تحریر کردہ ہینڈ بیگ لے کر پہنچیں تو بی جے پی نے خوب ہنگامہ کھڑا کر دیا اور بنگلہ دیش میں اقلیتوں کے ساتھ مظالم کا حوالہ دے کر تنقید کی  مگر آج پرینکا گاندھی نے بی جے پی کو کرارا جواب دیتے ہوئے بنگلہ دیش میں اقلیتوں کے تحفظ سے متعلق ہینڈ بیگ لے کر پارلیمنٹ پہنچیں ۔

رپورٹ کے مطابق پرینکا گاندھی کے ساتھ پارٹی کے کئی دیگر اراکین پارلیمنٹ نے آج بنگلہ دیش میں ہندو طبقہ و دیگر اقلیتوں پر ہو رہے مظالم کے خلاف پارلیمنٹ احاطہ میں آواز اٹھائی۔ منگل کے روز پارلیمنٹ احاطہ میں سبھی احتجاجی مظاہرہ کیا اور بنگلہ دیشی ہندوؤں کے لیے انصاف کا مطالبہ کیا۔

پرینکا گاندھی اور دیگر کانگریس لیڈران پارلیمنٹ احاطہ میں ایک خاص بیگ لیے ہوئے نظر آئے۔ اس بیگ پر ’بنگلہ دیش کے ہندوؤں اور عیسائیوں کے ساتھ کھڑے ہوں‘ لکھا ہوا تھا۔ پرینکا گاندھی کے ساتھ ساتھ دیگر پارٹی لیڈران پارلیمنٹ احاطہ میں ’مکر دوار‘ کے قریب جمع ہوئے اور ’مرکزی حکومت جواب دو‘ کے ساتھ ساتھ ’وی وانٹ جسٹس‘ کا نعرہ لگاتے نظر آئے۔

بنگلہ دیش میں اقلیتوں کے خلاف ہو رہے مظالم کو لے کر پارلیمنٹ احاطہ میں ہوئے اس مظاہرہ کی ویڈیو کانگریس نے اپنے آفیشیل ’ایکس‘ ہینڈل پر شیئر بھی کی ہے۔ اس ویڈیو کے ساتھ پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’بنگلہ دیش میں اقلیتوں، ہندوؤں اور عیسائیوں پر مظالم کے واقعات لگاتار سامنے آ رہے ہیں۔ لیکن مودی حکمت اس معاملے میں خاموش ہے، کوئی قدم نہیں اٹھا رہی۔‘‘ پوسٹ میں مزید لکھا گیا ہے کہ ’’آج پارلیمنٹ احاطہ میں کانگریس کے اراکین پارلیمنٹ نے مظاہرہ کر بنگلہ دیش میں ہندوؤں، عیسائیوں اور اقلیتوں کے تحفظ کا مطالبہ کیا۔‘‘

واضح رہے کہ کانگریس نے پیر کے روز بھی اس معاملے میں پارلیمنٹ احاطہ میں مظاہرہ کیا تھا۔ کیرالہ کی وائناڈ لوک سبھا سیٹ پر کامیابی حاصل کر پارلیمنٹ پہنچنے والی پرینکا گاندھی نے لوک سبھا میں وقفہ صفر کے دوران بھی یہ ایشو اٹھایا تھا۔ اتنا ہی نہیں، پرینکا گاندھی لگاتار اہم ایشوز کو اٹھا رہی ہیں، چاہے وہ قومی ایشو ہو یا عالمی۔ پیر کے روز پرینکا گاندھی نے فلسطینی عوام کی حمایت میں ’فلسطین‘ لکھا ہوا ہینڈ بیگ لے کر بھی پارلیمنٹ پہنچی تھیں۔جس پر بی جے پی نے تنقید کی تھی  مگر آج پرینکا گاندھی ہی نہیں بلکہ دیگر کانگریسی اراکین پارلیمنٹ نے بنگلہ دیش میں ہندوؤں کے ساتھ مظالم کے خلاف آواز بلند کی ۔