فرت پھیلانے والے ہندو نہیں ہو سکتے، ہمارا ہندوتوا صاف ہے: ادھو ٹھاکرے

نئی دہلی ،ممبئی ، 24 جنوری :

شیو سینا(ادھو ٹھاکرے) کے سربراہ اور مہاراشٹر کے سابق وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے بھارتیہ جنتا پارٹی پر سخت حملہ کرتے ہوئے کہا کہ فرقہ وارانہ تفریق پھیلانے والے ہندو نہیں ہو سکتے۔ انہوں نے اپنی پارٹی کے ‘ہندوتوا’ کو صاف اور فرقہ وارانہ سیاست سے پاک قرار دیا۔

بالاصاحب ٹھاکرے کے یوم پیدائش کے موقع پر ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے ادھو ٹھاکرے نے مرکز کی بی جے پی حکومت کو انتخابات بیلٹ پیپر کے ذریعے کرانے کا چیلنج دیا۔ ٹھاکرے کی تقریر میں بی جے پی اور الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں (ای وی ایم) کے استعمال پر شدید تنقید شامل تھی۔ انہوں نے کہا، "اگر آپ کے اندرکوئی شرم ہے تو ای وی ایم کو چھوڑ کر بیلٹ پیپرز کے ذریعے انتخابات کرائیں۔ ہمارا ہندوتوا صاف ہے اور جو کوئی ہندو مسلم دشمنی پھیلاتا ہے، وہ ہندو نہیں ہو سکتا۔”

قابل ذکر بات یہ ہے کہ 2024 کا مہاراشٹر اسمبلی الیکشن شیو سینا-یو بی ٹی کے لیے ایک بہت بڑی شکست تھی، جو خود20 سیٹوں پر ہی سمٹ گئی ۔ بی جے پی کی قیادت والی مہایوتی 235 سیٹوں کے ساتھ زبردست جیت درج کی ۔

دریں اثنا، انڈین نیشنل ڈیولپمنٹ انکلوسیو الائنس (انڈیا) کے کئی اپوزیشن لیڈر انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں (ای وی ایم) پر سوال اٹھا رہے ہیں اور مطالبہ کر رہے ہیں کہ انتخابات بیلٹ پیپرز سے کرائے جائیں۔