فتح پور: قبرستان کو شر پسندوں نےبلڈوز سے برابر کر دیا ،مسلمانوں میں غم و غصہ
شکایت کے بعد پولیس نے تحقیقات شروع کی ،یوگی حکومت میں لا اینڈ آر ڈر پر سوالیہ نشان

نئی دہلی ،02 مارچ :۔
اتر پردیش کے فتح پور ضلع میں ایک چونکا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں تمبیشور مندر کے پیچھے واقع قبرستان میں نامعلوم افراد نے بلڈوزر کے ذریعہ ایک قدیم قبرستان کی تمام قبروں کو برابر کردیا ۔ یہ تمام کارروائی دن کے اجالے میں کی گئی اس کارروائی سے مقامی مسلمانوں میں شدید ناراضگی ہے۔جس بے خوفی کے ساتھ یہ کارروائی کی گئی ہے اس سے آسانی سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ اتر پردیش میں مسلمانوں کی شناخت پر حملہ کرنا کتنا عام ہوتا جا رہا ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس ریونیو حکام کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئی اور تباہی کے ذمہ داروں سے تفتیش شروع کردی۔ حکام نے ملزمان کے خلاف سخت کارروائی کی یقین دہانی کرائی ہے۔مبینہ طور پر انہدام دن کے اجالے میں ہوا، جس نے قبرستان کو ایک کھلے میدان میں تبدیل کر دیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملوث افراد کی شناخت کے لیے علاقے کی سی سی ٹی وی فوٹیج کی جانچ کی جا رہی ہے۔
تحصیلدار وجے پرتاپ سنگھ نے تصدیق کی کہ قبرستان پلاٹ نمبر 300 کے تحت رجسٹرڈ ہے۔ انہوں نے مزید یقین دلایا کہ جو بھی قبرستان کی زمین پر بلڈوزر استعمال کرنے کا ذمہ دار ہے اس کا سراغ لگایا جائے گا اور قانون کے تحت سختی سے نمٹا جائے گا۔ دریں اثنا، پولیس اور ریونیو افسران مجرموں کو تلاش کرنے کے لیے سرگرم عمل ہیں۔
دن کے اجالے میں شر پسندوں کے ذریعہ کی گئی یہ کارروائی عوام میں موضوع بحث ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ ریاست میں لا اینڈ آر ڈر بہتر ہونے کا دعویٰ کرتے ہیں لیکن انہیں کی حکومت میں دن کے اجالے میں شر پسندوں نے کس طرح ایک رجسٹرڈ قبرستان کو بلڈوزر چلا کر برابر کرنے کی جرات کا مظاہرہ کیا ہے۔