غزہ کے مسئلہ پراعلیٰ سطحی وفد کی مصر اور انڈونیشیا کے سفارتی نمائندوں سے ملاقات
امیر جماعت سید سعادت اللہ حسینی کی قیادت میں ممتاز مسلم تنظیموں کے مشترکہ وفود نے ملاقات کے دوران غزہ کے مسائل کے اختتام کیلئے ٹھوس اقدامات کی اپیل کی

دعوت ویب ڈیسک
نئی دہلی،08اگست :۔
غزہ میں بھوک اور غذائی قلت کے سبب دم توڑتے بچوں اور خواتین کی تصاویر نے دنیا بھر میں درد مندوں کے دلوں کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے ۔دنیا بھر یں مختلف طریقوں سے مختلف ممالک اور عوام غزہ کے مظلوم شہریوں کے لئے آواز بلند کر رہے ہیں اور ان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کر رہے ہیں ۔ وہیں وطن عزیز میں بھی مسلم تنظیموں نے غزہ کے مظلوموں کیلئے آواز بلند کی ہے ۔حکومت وقت کی خاموشی پر نہ صرف سوال اٹھایا ہے بلکہ مختلف پلیٹ فارموں سے غزہ کے مظلوموں کے لئے ٹھوس اقدامات کا مطالبہ کیا ہے ۔اسی سلسلے میں ہندوستان کی ممتاز مسلم تنظیموں کا اعلیٰ سطحی مشترکہ وفد مسلسل ملک میں مختلف ممالک کے سفارت خانوں کا دورہ کر کےسفارتی نمائندوں سے ملاقات کر رہے ہیںاور غزہ کی خستہ حالی کی جانب ان کی توجہ مبذول کرانے کی کوشش کر رہے ہیں ۔اسی سلسلے میں جماعت اسلامی ہند کے امیر سید سعادت اللہ حسینی کی قیادت میں اعلیٰ سطحی دو وفود نے مصر اور انڈونیشیا کے سفارت خانے کا دورہ کیا۔
سرکردہ مسلم تنظیموں کا ایک اعلیٰ سطحی مشترکہ وفد نے امیر جماعت اسلامی ہند سید سعادت اللہ حسینی کی قیادت میں مصر کے سفارت خانہ میں عہدیداران سے ملاقات کی ۔وفد میں امیر جماعت اسلامی ہند کے ساتھ مولانا اصغر علی امام مہدی سلفی، امیر جمعیت اہلحدیث ہند، ایس امین الحسن، نائب امیر جماعت، مفتی عبدالرزاق مظاہری، جنرل سکریٹری جمعیۃ علمائے ہند دہلی، انیس رحمان، جنرل سکریٹری، ایس آئی او آف انڈیا، ڈاکٹر رضوان رفیقی، معاون سکریٹری جماعت اسلامی ہند اور ڈاکٹر شیس ادریس تیمی ،سکریٹری جمعیت اہل حدیث ہند شامل تھے ۔وفد نے مصر کے سفیر جناب کامل زید گلال، ہیڈ پولیٹیکل سیکشن محمد خطیر اور سیکریٹری ولید ربیع سے ملاقات کی۔
دریں اثنا جماعت اسلامی ہند کا ایک اور وفد جس میں امیر جماعت سید سعادت اللہ حسینی، نائب امیر ایس امین الحسن اور ایس آئی او کے جنرل سکریٹری ایڈووکیٹ انیس الرحمن شام تھے ، نے انڈونیشیا کے سفارت خانے کا دورہ کیا اور مسٹر دادانگ ہدایت، ڈپٹی ہیڈ آف مشن، انڈونیشیا کے سفارت خانے اور فرسٹ سیکرٹری مسٹر مسونی سے ملاقات کی۔
وفد نے مصر اور انڈونیشیا کی حکومت پر زور دیا کہ وہ غزہ میں مصائب کے خاتمے کے لیے فعال، ٹھوس اور بامعنی کردار ادا کریں۔ وفد نے مصر اور انڈونیشیا کی حکومت پر زور دیا کہ وہ اسرائیلی مظالم کی شدید مذمت کریں، فلسطینیوں کو انسانی بنیادوں پر امداد فراہم کریں اور فلسطین کی آزاد خود مختار ریاست کے قیام کی وکالت کریں۔
واضح رہے کہ امیر جماعت سید سعادت اللہ حسینی کی قیادت میں مشترکہ مسلم تنظیموں کے ارکان پر مشتمل وفد مسلسل غزہ کے معاملے میں متعدد مسلم اور دیگر ممالک کے سفرا سے ملاقات کر رہا ہے اور انہیں غزہ کے سلسلے میں ٹھوس اقدامات کرنے کی اپیل کر رہا ہے ۔ اس سے قبل اردن،یوروپی یونین اور دیگر ممالک کے سفرا سے ملاقات کر چکا ہے ۔