
غزہ میں قتل عام کے خلاف امریکہ اوریورپی شہروں میں عوام سڑکوں پر،فلسطینیوں کیساتھ اظہار یکجہتی
غزہ ،20 مارچ :۔
غزہ کی پٹی میں جنگ بندی کے درمیان رمضان کے دوران اسرائیلی فوج کی جارحیت نے ایک بار پھر دنیا بھر کے انصاف پسندوں میں تشویش کی لہرپیدا کر دی ہے۔غزہ میں مظلومین فلسطینی اپنے منہدم مکانوں میں ابھی لوٹے تھے کہ اسرائیل نے چند ایام کی جنگ بندی کے بعد پھر سے بمباری شروع کر دی ہے جس میں اب تک سیکڑوں کی تعداد میں فلسطینی شہری شہید ہو گئے ہیں ۔ اسرائیل کی تازہ جارحیت کے خلاف دنیا بھر میں احتجاجی مظاہرے شروع ہو گئے ہیں۔ امریکہ اور یورپی ممالک سمیت دنیابھر میں بدھ کو احتجاجی جلوس اورریلیاں نکالی گئیں جن میں فلسطینیوں کی حمایت اور قابض اسرائیلی جارحیت کے خلاف نعرے بازی اور تقاریرکی گئیں۔
فلسطین کے حامی ہزاروں کارکنوں نے امریکی اور یورپی شہروں اور ریاستوں کی سڑکوں پر جلوس نکالے اور غزہ کی پٹی میں قابض اسرائیل کی تباہ کن بمباری شروع کرنے کی مذمت کی۔ شرکاء نے غزہ میں بے گناہ خواتین اور بچوں کے وحشیانہ قتل عام کی شدید مذمت کرتے ہوئے ان اسرائیلی جارحیت روکنے کا مطالبہ کیا۔
فلسطین کے حامی سوشل میڈیا پیجز پر پوسٹ کی گئی فوٹیج کے مطابق سیئٹل، واشنگٹن؛ سان فرانسسکو، وسکونسن میں امریکی انتظامیہ کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کے خلاف مظاہرے ہوئے۔مظاہرین نے غزہ میں نسل کشی کے دوران اسرائیل کو مسلح کرنے پر پابندی کے ساتھ ساتھ فلسطینی طالب علم محمود خلیل کی رہائی کا مطالبہ کیا۔
غزہ میں نسل کشی کے انتقام کے خلاف احتجاج کے لیے پیرس میں پلیس ڈی لا ریپبلک میں ریلی نکالی گئی۔امریکہ کے شہر منیاپولس میں درجنوں فلسطینی حامی مظاہرین اسرائیلی قونصل خانے کے سامنے جمع ہوئے جنہوں نے غزہ کی پٹی میں نسل کشی کے خاتمے کا مطالبہ کرنے والے بینرز اٹھا رکھے تھے۔
دریں اثنا اٹلی میں میلان میں پولیس اور فلسطینی حامی مظاہرین کے درمیان جھڑپیں ہوئیں، جہاں سینکڑوں افراد نے اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کے مذاکرات میں تعطل کے درمیان غزہ میں مستقل جنگ بندی کے مطالبے کے لیے مظاہرہ کیا۔چلی کےدارالحکومت سینٹیاگو میں امریکی سفارت خانے کے سامنے ایک بڑا فلسطینی حامی مظاہرہ کیا گیا، مظاہرین نے ایک بڑا بینر اٹھا رکھا تھا، جس پر لکھا تھا، "امریکی حکومت، تم ہمیشہ سے دنیا کا ڈراؤنا خواب رہے ہو”۔ہالینڈ کے دارالحکومت ایمسٹرڈیم میں غزہ کی حمایت اور اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں کے خلاف کی جارہی نسل کشی کے خلاف مظاہرہ ہوا۔اس کے علاوہ انقرہ، استنبول، دیار بکر اور ترکیہ کے دیگر شہروں میں بھی غزہ کی پٹی کے باشندوں کے خلاف اسرائیلی قتل عام کی مذمت میں مظاہرے ہوئے۔