غزہ میں جنگ بندی کے بعد اسرائیل نے 700 سے زائد فلسطینی یرغمالوں کی فہرست جاری کی
ان تمام فلسطینی قیدیوں کو جنگ بندی معاہدہ کے تحت19 جنوری کو شام 4 بجے کے بعد رِہائی ہوگی
غزہ ،18 جنوری :۔
اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کے بعد غزہ سمیت تل ابیب میں بھی جشن منایا جا رہا ہے۔جنگ بندی کے اعلان کے بعد مثبت خبریں غزہ سے آنی شروع ہو گئی ہیں۔ تازہ ترین خبروں کے مطابق اسرائیلی وزارت انصاف نے 700 سے زائد فلسطینی قیدیوں کی فہرست جاری کی ہے جنھیں غزہ میں حماس کے ساتھ جنگ کو روکنے والے معاہدہ کے تحت رِہا کیا جائے گا۔ یہ فہرست اسرائیل کی مکمل کابینہ کے ذریعہ جنگ بندی معاہدہ کو منظوری دیے جانے کے کچھ گھنٹوں بعد جاری کی گئی ہے۔
وزارت انصاف نے فلسطینی یرغمالوں کی فہرست جاری کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی رِہائی کے وقت سے متعلق جانکاری بھی دی ہے۔ وزارت کا کہنا ہے کہ فلسطینی قیدیوں کو اتوار کو مقامی وقت کے مطابق شام 4 بجے سے پہلے رِہا نہیں کیا جائے گا۔ اتوار کا ہی دن ہے جب دونوں طرف سے یرغمالوں کو چھوڑا جائے گا۔
قابل ذکر ہے کہ اسرائیل کے ذریعہ فلسطینی یرغمالوں کی جاری فہرست میں حماس اور دیگر اسلامی گروپوں کے کئی اراکین شامل ہیں۔ کچھ تاحیات قید کی سزا کاٹ رہے ہیں اور کچھ قتل جیسے سنگین جرائم میں قصوروار ٹھہرائے گئے ہیں۔ اس فہرست میں 64 سالہ ماروان برغوتی کا نام بھی شامل ہے۔ انھیں اسرائیل کے ذریعہ یرغمال بنایا گیا تھا اور قید فلسطینیوں میں سب سے اہم تصور کیے جا رہے ہیں۔