غزہ میں بمباری کےدرمیان  اسرائیل جنگ بندی مذاکرات شروع کرنے پر رضامند

قطر ،مصر اور امریکہ کی ثالثی میں آئندہ ہفتے یعنی 15 اگست  کو جنگ بندی مذاکرات دوبارہ شروع کرنے پر اتفاق کیا ہے  

غزہ ،09 اگست :۔

حماس کے سینئر رہنما اسماعیل ہنیہ کی ایران  میں شہادت کے بعد خطے کےحالات گزرتے دنوں کےساتھ مزید کشیدہ ہو رہے ہیں ۔ایران نے اسرائیل کو سبق سکھانے کی پہلی ہی وارننگ دے دی ہے ۔جس کیوجہ سے پورے خطے میں تمام ممالک کی نظریں ایران اور اسرئیل کے اقدامات پر ٹکی ہیں ۔ادھر اسرائیل غزہ میں مظلوم فلسطینیوں پر بمباری کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں ۔ گزشتہ روز جمعرات کو غزہ کی پٹی پر فضائی حملوں میں اسرائیل نے  اضافہ کیا ہے جن میں کم از کم 40 فلسطینی شہید ہو گئے ہیں۔دریں اثنا اسرائیل نے غزہ میں جنگ بندی مذاکرات کا عمل شروع کرنے پر رضا مندی ظاہر کی ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق اسرائیل کے وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو کے دفتر نے جمعرات کے روز کہا ہے کہ اسرائیل نے امریکہ، قطر اور مصر کے ثالثیوں کے مطالبے پر 15 اگست کو غزہ میں جنگ بندی مذاکرات دوبارہ شروع کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

گزشتہ روز ایک مشترکہ بیان میں تینوں ممالک کے رہنماؤں نے  تمام فریقین کو 15 اگست کو دوحہ یا قاہرہ میں مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کی دعوت دی تاکہ بغیر کسی تاخیر کے معاہدے پر عمل درآمد شروع کیا جاسکے۔

تینوں ممالک کے رہنماؤں نے کہا کہ ایک فریم ورک معاہدہ اب میز پر ہے جس پر عمل درآمد کی صرف تفصیلات باقی ہیں۔

اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کے دفتر نے گزشتہ روز امریکہ، قطر اور مصر کے بیان کے بعد کہا کہ اسرائیل 15 اگست کو ایک مذاکراتی ٹیم کو طے شدہ مقام پر بھیجے گا تاکہ معاہدے پر عمل درآمد کی تفصیلات مکمل کی جا سکیں۔