غزہ میں اسرائیلی نسل کشی پر مودی حکومت کی خاموش پر کانگریس نے پھر تنقید کی

 کانگریس کے جنرل سیکریٹری جے رام رمیش نے ایکس پوسٹ کیا کہ غزہ نسل کشی پر اسرائیل میں اسرائیل کے خلاف آوازیں بلند ہونے لگی ہیں مگر ہندوستان اب بھی خاموش ہے جبکہ یہ ہندوستان کے بنیادی اصولوں کے خلاف ہے۔

دعوت ویب ڈیسک

نئی دہلی ،14 جولائی:۔

غزہ میں تقریباً دو سال سے اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں کی نسل کشی جاری ہے ،دنیا بھر میں ممالک اس ظلم کے خلاف آواز اٹھا رہے ہیں ،متعدد ممالک نے اسرائیل کو جنگی مجرم قرار دے کر عالمی عدالت میں مقدمہ چلانے کا مطالبہ کیا ہے خودجنوبی افریقہ نے مقدمہ دائر بھی کیا ہے مگر حکومت ہند کی جانب سے غزہ معاملے میں مسلسل خاموشی قائم ہے ۔ حالانکہ فلسطین کاز کا ہندوستان ابتدا سے ہی حامی رہا ہے ۔گزشتہ تمام حکومتوں نے یہاں تک کہ اٹل بہاری حکومت نے بھی فلسطینی کاز پر ہندوستان کے قدیم موقف کا اعادہ کیا تھا مگر موجودہ مودی حکومت نے ملک کی قدیم روایتوں کے بر عکس غزہ میں اسرائیلی ظلم و زیادتی پر خاموشی اختیار کئے ہوئے ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ کانگریس کی جانب سے مسلسل مودی حکومت کی تقید کی جا رہی ہے ۔

ایک بار پھر کانگریس نے آج حکومت پر اسرائیل کی غزہ پر جاری نسل کشی پر ’’بے حسی‘‘ کا الزام لگایا اور کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی خاموشی ’’شرمناک ہے، اور ان تمام چیزوں کے خلاف ہے جس کیلئے ہندوستان کھڑا ہے۔‘‘ کانگریس کے جنرل سیکریٹری جے رام رمیش نے کہا کہ غزہ نسل کشی پر اب اسرائیل کے اندر بھی سوال اٹھائے جارہے ہیں، سابق اسرائیلی وزیر اعظم نے بھی مداخلت کی ہے مگر ہندوستان اب بھی خاموش ہے۔

جے رام رمیش نے ایکس پوسٹ لکھا کہ ’’اسرائیل کی غزہ نسل کشی بلا روک ٹوک جاری ہے۔ درحقیقت یہ شدت پکڑتی جارہی ہے اور خوفناک جہتیں اختیار کر رہی ہے۔ اسرائیل کے اندر بھی آوازیں اٹھنے لگی ہیں جس کی تازہ مثال اسرائیل کے سابق وزیر اعظم ہیں۔ لیکن حکومت ہند انتہائی لاتعلق ہے، ایسا کچھ کہنا یا کرنا نہیں چاہتی جس سے نیتن یاہو اور مودی کی دوستی متاثر ہو۔ وزیر اعظم کی خاموشی شرمناک، شرمناک ہے، اور اس کے خلاف ہے جس کیلئے ہندوستان کھڑا ہے۔‘‘

واضح رہے کہ غزہ پٹی میں اتوار کو اسرائیلی حملوں میں کم از کم 32؍ افراد فوت ہوئے، جن میں چھ بچے بھی شامل تھے، جو پانی بھرنے کیلئے اکٹھا تھے۔ اس پر اسرائیل نے انتہائی بے حسی سے کہا کہ ایسا ’’تکنیکی خرابی ‘‘ کے سبب ہوا ہے۔ ۲۱؍ ماہ سے جاری غزہ نسل کشی میں اب تک کم و بیش 58؍ ہزار فلسطینی جاں بحق ہوچکے ہیں۔