غزہ جنگ پر شدید ردعمل کے باعث چنئی میں اسرائیلی فلم فیسٹیول ملتوی  

  طلبہ گروپوں اور سول سوسائٹی کی طرف سے بڑے پیمانے پر تنقیدوں نےمنتظمین کو پروگرام منسوخ کرنے پر مجبور کیا

نئی دہلی ،چنئی،27 مئی :۔

غزہ میں حالات انتہائی نا گفتہ بہ ہو گئے ہیں۔جس کا اثر پوری دنیا میں نظر آ رہا ہے ۔بگڑتے حالات اور عوام میں بڑھتی ناراضگی کا اثر مختلف مقامات پر نظر آ رہے ہیں۔بھارت کے چنئی میں منعقد ہونے والے  اسرائیلی فلم فیسٹیول کو ملتوی کر دیا گیا۔ غزہ میں جاری اسرائیلی فوجی حملے پر عوامی غم و غصے اور احتجاج کے بعد ملتوی کر دیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ سوشل میڈیا پر شدید تنقید اور فلسطین میں اسرائیل کے اقدامات کی مخالفت کرنے والے سیاسی اور ثقافتی گروپوں کی مذمت کے بعد کیا گیا ہے۔

اس میلے کا انعقاد انڈو سنے اپریسیشن فاؤنڈیشن (آئی سی اے ایف) نے ممبئی میں اسرائیل کے قونصلیٹ جنرل کے تعاون سے کیا تھا۔ تاہم، کئی آوازوں کی جانب سے غزہ میں جاری انسانی بحران کے دوران اس طرح کے پروگرام کی میزبانی کی بے حسی پر تشویش کا اظہار کرنے کے بعد، منتظمین نے اسکریننگ کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا۔

آئی سی اے ایف کے ڈائریکٹر سیوان کنن نے ملتوی ہونے کی تصدیق کی لیکن ایک خاص وجہ بتانے سے گریز کیا۔صرف یہ کہتے ہوئے کہ تقریب کو بعد میں دوبارہ شیڈول کیا جائے گا۔ تاہم، یہ واضح ہے کہ عوامی جذبات اور بڑھتی ہوئی مزاحمت نے، خاص طور پر طلبہ گروپوں اور سول سوسائٹی کی طرف سے تنقیدوں نے اس پروگرام کو ملتوی کر دیا ۔

یہ پیش رفت غزہ پر اس کی جنگ کے دوران اسرائیل کے ساتھ ثقافتی معمول پر آنے کے لیے عالمی مزاحمت کی ایک بڑی لہر کا حصہ ہے۔جس کی وجہ سے ہزاروں شہری ہلاک اور بڑے پیمانے پر بے گھر ہوئے ہیں۔