غزہ بحران کیخلاف پروفیسر وی کے ترپاٹھی کا 15 اگست کو ’اپواس‘ کا اعلان
غزہ میں اسرائیلی ظلم و بربریت کے خلاف پروفیسر ترپاٹھی پر امن عوامی بیداری مہم چلا رہے ہیں ،لوگوں میں پمفلٹ بھی تقسیم کر رہے ہیں

دعوت ویب ڈیسک
نئی دہلی،14 اگست :۔
غزہ میں اسرائیل کی جانب سے جاری جارحیت نے غزہ کی حالت انتہائی خستہ کر دی ہے۔اسرائلی تباہی کے بعد غزہ انسانی زندگی کیلئے نا قابل رہائش بن چکا ہے۔مسلسل اسرائیلی بندشوں اور بمباری کیوجہ غزہ میں بھوک مری عام ہو چکی ہے ۔ہر روزبھوک سے تڑپ تڑپ کر لوگوں کی جانیں جا رہی ہیں ۔حالیہ دنوں میں اسرائیلی فوج نے امدادی سامان کی رسائی میں نرمی کا مظاہرہ کیا ہے لیکن وہ غزہ کے لوگوں کے لئے نا کافی ہو رہی ہے ۔دریں اثنا غزہ کے بھوک کے بحران پر پوری دنیا میں مظاہرے ہو رہے ہیں اور جنگ بندی کے مطالبات کئے جا رہے ہیں وطن عزیز میں بھی انصاف پسند طبقہ وقتاً فوقتاً اپنی بیداری اور انسانی ہمدردی کا اظہار کر رہا ہے ۔ اسی سلسلے میں معروف سماجی کارکن اور ہندو مسلم بھائی چارہ و ایکتااور سماجی ہم آہنگی کیلئے معروف شخصیت دہلی یونیور سٹی سے وابستہ پروفیسر وی کے ترپاٹھی نے بھی غزہ میں بھوک کے بحران پر تنہا ایک پر امن مہم شروع کی ہے ۔دہلی یونیور سٹی کے پروفیسر وی کے ترپاٹھی غزہ میں بھکمری کے خلاف ایک پر امن مہم چلا رہے ہیں۔پوسٹر اور پمفلٹ لوگوں میں تقسیم کر رہے ہیں اور غزہ میں جو اسرائیل کے ذریعہ انسانی بحران پیدا کیا گیا ہے ،اس ظلم و بربریت کے خلاف لوگوں کو بیدار کر رہے ہیں ۔وی کے ترپاٹھی نے غزہ بحران کے خلاف ایک انوکھا اعلان کیا ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ اس بیداری مہم کے ساتھ میں 15 اگست یوم آزادی کے موقع پر غزہ بحران کے خلاف ایک روزہ اپواس (روزہ) رکھوں گا۔
وی کے ترپاٹھی کا ایک ویڈیو وائرل ہو رہا ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ وہ غزہ میں بھوک کے بحران کے خلاف لوگوں سے ملاقات کر رہے ہیں ،یونیورسٹی کے طلبا سے بات کر رہے ہیں ۔ان کے ہاتھ میں پمفلٹ ہے جسے وہ لوگوں میں تقسیم کر رہے ہیں ۔ ان کا کہنا ہے کہ ہماری آزادی اس وقت تک ادھوری ہے جب تک کہ دنیا میں جو لوگ استحصال اور ظلم کے شکار ہوں ان کا درد ہمارے اندر نہ ہو۔انہوں نے اپنے گلے میں ایک تختی بھی لٹکائی ہوئی ہے جس پر لکھا ہے ’غزہ پر بھوک نر سنگھار بند ہو‘۔