غزہ :اسرائیلی جارحیت میں اموات کی تعداد 28 ہزار
غزہ،10فروری :۔
غزہ میں اسرائیلی فوج کی کارروائی جاری ہے اور اس حملوں میں جان گنوانے والوں کی تعداد بھی مسلسل بڑھ رہی ہے۔امریکہ اور برطانیہ کی حمایت سے اسرائیلی جارحیت میں ہلاکتوں کا سلسلہ جاری ہے۔عالمی عدالت انصاف کی ہدایت بھی غزہ میں اموات کو کم کرنے میں نا کام ہے۔
رپورٹ کے مطابق حماس کے زیر انتظام وزارت صحت نے بتایا کہ غزہ کی پٹی میں جاری اسرائیلی حملوں میں ہلاک ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 27947 ہو گئی ہے۔وزارت نے جمعہ کو ایک پریس بیان میں کہا کہ گزشتہ سال اکتوبر میں اسرائیل اور حماس کے درمیان تنازع شروع ہونے کے بعد سے ساحلی علاقے میں 67459 فلسطینی زخمی ہو چکے ہیں۔
اسرائیلی فورسز نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 107 فلسطینیوں کو قتل اور 142 کو زخمی کیا۔ وزارت نے کہا کہ شدید بمباری اور سول ڈیفنس اور ایمبولینس عملے کی کمی کے درمیان کچھ لاشیں ملبے کے نیچے دبی ہوئی ہیں۔ فلسطینی سیکورٹی ذرائع اور عینی شاہدین نے بتایا کہ اسرائیلی طیاروں نے غزہ شہر کے محلوں الرمل، الصابرہ، الزیتون، تل الحوا اور شیخ عجلین میں متعدد گھروں کو نشانہ بنایا اور بمباری کی۔ اس کے علاوہ وسطی غزہ کے شہر دیر البلاح میں ایک مکان پر اسرائیلی طیاروں کی بمباری کے نتیجے میں متعدد فلسطینی شہید اور بعض زخمی ہو گئے۔