غزہ:دربدر فلسطینیوں کی گھر واپسی کا آغاز،گلیوں میں حماس کی پولیس گشت پر

غزہ ،20 جنوری :۔

تقریباً 15 مہینے کی  اسرائلی جارحیت کے بعد غزہ میں جنگ بندی  کا نفاذ عمل میں آ چکا ہے۔ جنگ بندی نافذ ہوتے ہی فلسطینیوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور سڑکوں پر انہوں نے جشن منانا شروع کر دیااور یہ جشن کا سلسلہ دونوں جانب قائم رہا ۔جہاں فلسطینی لمبے عرصے بعد وطن واپسی پر خوش ہیں وہیں دوسری جانب تل ابیب میں اسرائیلی اپنے مغوی رشتہ داروں کی رہائی کی راہ ہموار ہونے پر خوش ہیں ۔

جنگ بندی کے نفاذ کے بعد  جنگ کے دوران بے گھر ہو کر پناہ گزیں کیمپوں میں زندگی گزارنے پر مجبور ہونے والے فلسطینی اب اپنے گھروں کو واپس ہونے لگے ہیں۔ گھر واپسی کی بے قراری لوگوں میں صاف نظر آ رہی ہے۔ جنگ بندی نافذ ہونے سے قبل ہی ان لوگوں نے اپنی پیکنگ شروع کر دی تھی۔  فلسطینی مزاحمت کاروں نے غزہ کی سڑکوں پر گشت کیا جہاں شہریوں نے ان کا والہانہ استقبال کیا۔

غیر ملکی خبررساں ایجنسی کی جانب سے جاری کی گئی ویڈیوز اور تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ فلسطینی مزاحمت کاروں نے غزہ کے علاقوں دیر البلاح اور خان یونس کی سڑکوں پر گشت کیا۔اس موقع پر شہریوں نے نعرے لگاکر اور ہاتھ ہلا کر فلسطینی مزاحمت کاروں کا استقبال کیا۔غزہ میں کئی گھنٹوں کی تاخیر کے بعد بالآخر جنگ بندی کا آغاز ہوگیا معاہدے پر عمل درآمد تقریباً چار گھنٹے تاخیر کا شکار ہوا۔مقامی میڈیا کے مطابق ہزاروں فلسطینی پولیس افسران مختلف علاقوں میں تعینات کردیے گئے ہیں، میونسپلٹی نے گلیوں کو دوبارہ کھولنےاور بحالی کا کام شروع کر دیا ہے۔

واضح رہے کہ غزہ پر پندرہ ماہ سے مسلط اسرائیلی جنگ میں فلسطینی محکمہ صحت کے مطابق ہزاروں بچوں اور خواتین سمیت 47 ہزار  فلسطینی شہید ہوئے جب کہ ایک لاکھ دس ہزار سے زائد فلسطینی زخمی اور ہزاروں لاپتہ ہیں۔