غریب اور معاشی طور پر کمزور لوگوں کے چہروں پر خوشیا ں بکھیر رہا ہے’کپڑا بینک‘
سماجی تنظیم سوسائٹی فار برائٹ فیوچر کے زیر اہتمام کپڑا بینک مہم کے تحت عید ،دیوالی اور ہولی کے مواقع پر لوگوں میں نئے کپڑوں کی تقسیم
نئی دہلی،08مارچ :۔
سماج میں غریبوں ،مسکینوں اور معاشی طور پر کمزور طبقات کی مدد کے لئے متعدد تنظیمیں اپنی اپنی سطح پر کام کر رہی ہیں۔بعض تنظیمیں مختلف قسم کی مہم کے ذریعہ لوگوں کی مدد اور خدمات انجام دیتی ہیں۔بعض تنظیمیں روٹی بینک کی انوکھی مہم چلا کر لوگوں کو کھانا فرہم کرتی ہیں تو بعض لوگوں کی بنیادی ضرورت کپڑوں کے ذریعہ بھی مدد کررہی ہیں ۔ایسی ہی ایک سماجی تنظیم ہے سوسائٹی فار برائٹ فیوچر ۔سوسائٹی فار برائٹ فیوچر یوں تو مختلف طریقے سے لوگوں کی امداد کرتی ہیں مگر خاص طور پر تہواروں کے مواقع پر غریبوں میں نئے کپڑے فراہم کرنے کے لئے ’کپڑا بینک‘ مہم چلاتی ہے ،خاص طور پر عید، دیوالی اور ہولی کے موقع پر مختلف علاقوں میں غریبوں کی اس بنیادی ضرورت کو پوری کرتی ہے ۔ اس بار بھی ہولی پر سوسائٹی فار برائٹ فیوچر(ایس بی ایف) کی جانب سے "کپڑابینک” مہم کے تحت غریبوں میں نئے کپڑے تقسیم کیے گئے۔ اسی سلسلے میں دہلی کے وکاس نگر میں ہولی کے موقع پر تقریباً 200 خاندانوں میں نئے کپڑے تقسیم کیے گئے۔
اس مہم کا مقصد معاشرے کے اس طبقے کو تہوار کی خوشی میں شامل کرنا ہے جو غربت کی وجہ سے نئے کپڑے خریدنے سے قاصر ہیں۔ سوسائٹی فار برائٹ فیوچر کے ڈاکٹر عامر جمال اس پروگرام میں شامل تھے اور عمر درازنے پروگرام کے انعقاد میں تعاون کیا۔ایس بی ایف، اپنے قیام کے بعد سے پچھلے دس سالوں سے، معاشرے کے غریب اور آفات سے متاثرہ خاندانوں کے لیے فلاحی کاموں میں سرگرم عمل ہے۔ سوسائٹی فار برائٹ فیوچر کا خیال ہے کہ معاشی بحران کسی قدرتی آفت سے کم نہیں۔معاشی مسائل کی وجہ سے سماج کا ایک بڑا طبقہ محروم رہتا ہے۔ اسے معاشرے میں مثبت کردار ادا کرنے کے قابل بنانا بھی ایس بی ایف کا مقصد رہا ہے۔ اس طرح کی مہم معاشرے کے اہداف و مقاصد کی تکمیل کی طرف ایک اہم قدم ہیں۔
ایس بی ایف نے آفات سے نمٹنے اور کمزور آبادیوں کی مدد کے لیے ایک معیار قائم کیا ہے۔ زلزلہ، آگ، عمارت منہدم ہونے وغیرہ جیسے دیگر خطرات میں ایس بی ایف لوگوں کو بچانے کے لیے ہمیشہ تیار رہتا ہے۔
اپنے قیام کے ان برسوں میں ایس بی ایف نے درجنوں قدرتی آفات میں لوگوں کی مدد کی ہے جن میں آسام کے سیلاب، مشرقی اتر پردیش کے سیلاب، کیرالہ کے سیلاب، جام نگر کے سیلاب، کونکن مہاراشٹر کے سیلاب شامل ہیں ، اس دوران تنظیم نے 60,000 سے زیادہ لوگوں کی مدد کی ہے۔
ایس بی ایف نے گزشتہ سال پروجیکٹ راحت (سردیوں کے موسم میں کمبل تقسیم کرنے کا پروگرام) کے تحت 19 ریاستوں میں 281 پروگراموں کا کامیابی سے انعقاد کیا، جس میں ضرورت مند خاندانوں میں 15114 کمبل تقسیم کیے گئے۔